اسپین میں بیلوں کی دوڑ کے روایتی میلے کے دوران پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں 64 سالہ خاتون بیل کے حملے میں شدید زخمی ہونے کے بعد جان کی بازی ہار گئیں۔
غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق واقعہ اسپین کے گاؤں اینا میں منعقد ہونے والے روایتی میلے کے دوران پیش آیا، جہاں بیلوں کی دوڑ دیکھنے اور اس میں شرکت کے لیے مقامی افراد کے علاوہ بڑی تعداد میں سیاح بھی موجود تھے۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق خاتون میلے کے دوران لاس کیواس کے علاقے میں موجود تھیں۔ وہ راستے کے ایک مقام پر حفاظتی رکاوٹ کے قریب کھڑی تھیں، تاہم بعد ازاں انہوں نے وہاں سے دوڑنا شروع کیا۔ اسی دوران ایک بیل نے ان پر حملہ کردیا اور سینگ مارنے سے وہ شدید زخمی ہوگئیں۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارکن اور طبی عملہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچا اور خاتون کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ ان کی حالت تشویش ناک ہونے کے باعث انہیں مزید علاج کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کیا جارہا تھا، تاہم دورانِ منتقلی وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔
حکام کے مطابق بیلوں کی دوڑ کے دوران ایک اور شخص بھی جانور کے حملے کی زد میں آیا۔ 60 سالہ شخص کے بازو پر بیل کے سینگ لگنے سے وہ زخمی ہوگیا، جسے طبی امداد فراہم کی گئی۔
بیلوں کی دوڑ اسپین کے مختلف علاقوں میں منعقد ہونے والی قدیم روایتی تقریبات میں شامل ہے، تاہم ایسے مقابلوں کے دوران شرکا اور تماشائیوں کو بیلوں کے حملوں کے باعث جانی و مالی نقصان کا خطرہ بھی درپیش رہتا ہے۔




