انسانی جسم کی مضبوطی اور نشوونما کے لیے وٹامن ڈی کو انتہائی ضروری قرار دیا جاتا ہے، جو ہڈیوں، پٹھوں اور مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، وٹامن ڈی حاصل کرنے کا سب سے بڑا اور قدرتی ذریعہ سورج کی روشنی ہے، اس کے لیے درست وقت کا انتخاب نہایت اہم ہے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ صبح سات سے دس بجے کے درمیان دھوپ لینا وٹامن ڈی کے حصول کے لیے سب سے محفوظ اور فائدہ مند سمجھا جاتا ہے۔ اس وقت سورج کی روشنی جسم میں وٹامن ڈی بنانے کے عمل کو مؤثر بناتی ہے جبکہ شدید گرمی اور جلد کو نقصان پہنچنے کا خطرہ نسبتاً کم ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق دوپہر کے اوقات یعنی ساڑھے دس بجے سے ساڑھے تین بجے تک سورج کی شعاعیں زیادہ تیز ہوتی ہیں، جس سے وٹامن ڈی تیزی سے بنتا ہے لیکن اسی دوران جلد کے جلنے، پانی کی کمی اور ہیٹ اسٹروک جیسے خطرات بھی بڑھ جاتے ہیں، خاص طور پر گرمیوں میں۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ وٹامن ڈی حاصل کرنے کے لیے طویل وقت تک دھوپ میں رہنا ضروری نہیں، بلکہ ہفتے میں چند دن صرف پندرہ سے تیس منٹ تک چہرے، بازوؤں یا ٹانگوں کو دھوپ لگانا کافی ہوتا ہے، یہ دورانیہ عمر، جلد کی رنگت اور موسم کے مطابق مختلف ہو سکتا ہے۔
ماہرین نے یہ بھی بتایا کہ گہری رنگت والے افراد کو نسبتاً زیادہ وقت دھوپ کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ ان کی جلد میں موجود میلانین وٹامن ڈی کی تیاری کو سست کر دیتا ہے۔
صحت مند رہنے کے لیے روزانہ صبح کے وقت چہل قدمی اور ہلکی ورزش کو معمول بنانے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔ ساتھ ہی جسم میں پانی کی مناسب مقدار برقرار رکھنے اور شدید گرمی میں غیر ضروری دھوپ سے بچنے پر زور دیا گیا ہے۔




