تل ابیب: اسرائیل میں ایک دفاعی صنعت سے منسلک کمپنی کے قریب زور دار دھماکے کے بعد شدید آگ بھڑک اٹھی، جس کے شعلے اور دھوئیں کے بادل دور دور تک دیکھے گئے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
عبرانی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ مقبوضہ بیت المقدس کے مغربی علاقے بیت شمیش میں پیش آیا، جہاں ایک حساس صنعتی زون میں اچانک دھماکے کی آواز سنی گئی جس کے فوراً بعد بڑے پیمانے پر آگ لگ گئی۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دھماکے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ ہنگامی امدادی گاڑیوں اور فائر بریگیڈ کے داخلے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے،فوج نے ہنگامی صورتحال کے باعث بعض داخلی راستے بھی بند کر دیے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ جس مقام پر دھماکا ہوا وہاں مبینہ طور پر ایسے صنعتی یونٹس موجود ہیں جہاں مختلف قسم کے راکٹ انجن اور دفاعی سازوسامان تیار کیا جاتا ہے، اس حوالے سے سرکاری سطح پر کوئی واضح تصدیق سامنے نہیں آئی۔
روسی میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی جبکہ اس واقعے میں کسی جانی نقصان کے بارے میں بھی حتمی اطلاعات جاری نہیں کی گئیں۔ کچھ ذرائع نے اسے ممکنہ طور پر کنٹرولڈ دھماکا قرار دیا ہے، قریبی آبادی کو پیشگی اطلاع نہ دینے کے باعث سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
حکام کی جانب سے واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔




