فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کی انعامی رقم کا اعلان کر دیا

شیئر کریں

فٹبال ورلڈ کپ کو دنیا بھر میں کھیلوں کا سب سے بڑا اور باوقار مقابلہ تصور کیا جاتا ہے، جس میں مختلف براعظموں سے تعلق رکھنے والی قومی ٹیمیں نہ صرف شرکت بلکہ عالمی چیمپئن بننے کے لیے سالہا سال محنت اور تیاری کرتی ہیں۔ اب یہ عظیم الشان ایونٹ ایک نئے اور تاریخی مرحلے میں داخل ہونے جا رہا ہے، جہاں اس کا حجم، ٹیموں کی تعداد اور مالی انعامات سب کچھ پہلے سے کہیں زیادہ بڑھا دیا گیا ہے۔

کھیل سے متعلق معتبر ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق 11 جون 2026 سے امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کی مشترکہ میزبانی میں شروع ہونے والے اس ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ 48 ٹیمیں حصہ لیں گی، جبکہ موجودہ چیمپئن ارجنٹینا اپنی فتح کا دفاع کرے گی۔ ٹیموں کی اس ریکارڈ تعداد کے باعث یہ ایونٹ اب تک کی تاریخ کا سب سے بڑا فٹبال ورلڈ کپ قرار دیا جا رہا ہے، اس سے قبل 2022 میں صرف 32 ٹیمیں میدان میں اتری تھیں۔ اس ٹورنامنٹ کی ایک اور نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ چار ممالک—اردن، ازبکستان، کیپ وردے اور کوراکاؤ—پہلی بار ورلڈ کپ کے اس عالمی اسٹیج پر نظر آئیں گے، جو ان کی فٹبال تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل تصور کیا جا رہا ہے۔

ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اس بار ایونٹ صرف وسعت ہی میں نہیں بلکہ انعامی رقم کے اعتبار سے بھی ایک نیا ریکارڈ قائم کرنے جا رہا ہے۔ عالمی فٹبال فیڈریشن نے اس ورلڈ کپ کے لیے مجموعی طور پر 87 کروڑ 10 لاکھ امریکی ڈالر کی خطیر رقم مختص کی ہے، جو گزشتہ ایڈیشن کے مقابلے میں تقریباً دوگنی ہے، ہر ٹیم کو ایونٹ کی تیاری کے لیے 25 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے جبکہ کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کو اضافی طور پر ایک کروڑ ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی، اس طرح صرف شرکت کی بنیاد پر ہی ہر ٹیم کو 1 کروڑ 25 لاکھ ڈالر کی ضمانت شدہ رقم حاصل ہو گی، جس کے بعد کارکردگی کے مطابق مزید انعامات شامل کیے جائیں گے۔

ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو 5 کروڑ 35 لاکھ ڈالر کی خطیر انعامی رقم دی جائے گی، جو 2022 کے مقابلے میں واضح اضافہ ہے، جب ارجنٹینا نے 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالر حاصل کیے تھے۔ اس بار رنر اپ ٹیم کو 3 کروڑ 65 لاکھ ڈالر ملیں گے جبکہ تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم 3 کروڑ 25 لاکھ ڈالر کی حقدار ہوگی۔ چوتھی پوزیشن پر آنے والی ٹیم کو 3 کروڑ 5 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔

پانچویں سے آٹھویں نمبر تک رہنے والی ٹیموں کو 2 کروڑ 25 لاکھ ڈالر فی ٹیم دیے جائیں گے، جبکہ نویں سے سولہویں نمبر تک آنے والی ٹیمیں 1 کروڑ 85 لاکھ ڈالر حاصل کریں گی۔ اسی طرح 17 سے 32 ویں پوزیشن تک کی ٹیموں کو 1 کروڑ 45 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے جبکہ 33 سے 48 ویں نمبر تک رہنے والی ٹیموں کے حصے میں 1 کروڑ 25 لاکھ ڈالر آئیں گے، اس بڑے ایونٹ میں مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے جائیں گے، جو 2022 کے 64 میچز کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے، اور یہی پہلو اس ورلڈ کپ کو نہ صرف وسعت بلکہ شدت کے اعتبار سے بھی ایک تاریخی ٹورنامنٹ بنا دیتا ہے۔


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے