وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی نلتر پاور پروجیکٹ اکتوبر تک مکمل کرنے کی ہدایت

شیئر کریں

نلتر 16 میگاواٹ پاور پروجیکٹ کا دورہ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کا کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت

گلگت: وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے نلتر میں زیر تعمیر 16 میگاواٹ پاور پروجیکٹ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے منصوبے پر جاری کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو منصوبے کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے تین شفٹوں میں کام کرنے کا بندوبست کیا جائے تاکہ مقررہ وقت میں بجلی کی فراہمی ممکن ہو۔ انہوں نے کہا کہ نلتر 16 میگاواٹ پاور پروجیکٹ علاقے کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ سابق حکومتوں نے اس اہم منصوبے کو نظر انداز کیا، جبکہ موجودہ حکومت نے ابتدا سے اس پر خصوصی توجہ دی، جس کی بدولت یہ منصوبہ اب تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکریٹری برقیات کو ہدایت کی کہ یکم اکتوبر تک منصوبے کی تکمیل یقینی بنائی جائے اور بجلی کی ترسیل کا عمل شروع کیا جائے۔

صوبائی سیکریٹری برقیات اور پروجیکٹ ڈائریکٹر نے منصوبے پر جاری کام کی رفتار اور معیار کے بارے میں وزیر اعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی اور یقین دہانی کروائی کہ تین شفٹوں میں کام کرکے منصوبہ جلد مکمل کر لیا جائے گا۔


شیئر کریں

آپ کا تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے