آئی سی سی نے بنگلادیش کی ٹی 20 ورلڈ کپ میچز منتقلی کی درخواست مسترد کردی، بھارتی میڈیا

شیئر کریں

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے پیش کی گئی وینیو منتقلی کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی سی سی نے واضح مؤقف اختیار کیا ہے کہ بنگلادیشی ٹیم اپنے تمام طے شدہ ٹی 20 ورلڈ کپ میچز بھارت میں ہی کھیلے گی اور شیڈول میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ اس فیصلے نے نہ صرف دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے تعلقات کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے بلکہ شائقین کرکٹ میں بھی تشویش پیدا کر دی ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بنگلادیش نے سیکورٹی خدشات کو بنیاد بناتے ہوئے آئی سی سی سے مطالبہ کیا تھا کہ اس کے ٹی 20 ورلڈ کپ میچز بھارت سے باہر کسی غیر جانبدار اور محفوظ مقام پر منتقل کیے جائیں۔ رپورٹس کے مطابق بنگلادیشی حکام نے اپنے موقف میں کہا تھا کہ موجودہ حالات میں کھلاڑیوں اور آفیشلز کی سلامتی کو یقینی بنانا مشکل ہو سکتا ہے، تاہم آئی سی سی نے اس درخواست کو قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے بنگلادیش کو ہدایت کی ہے کہ وہ پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق بھارت میں میچز کھیلنے کے انتظامات کرے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے یہ بھی عندیہ دیا ہے کہ اگر بنگلادیش نے میچز کھیلنے سے انکار کیا تو اسے پوائنٹس کے نقصان یا دیگر تادیبی اقدامات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، تاہم دوسری جانب نجی ٹی وی چینلز نے بنگلادیش کرکٹ سے وابستہ ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ الٹی میٹم موصول نہیں ہوا ۔

یاد رہے کہ یہ تنازع اس وقت شدت اختیار کر گیا تھا جب ایک روز قبل بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر آصف اکبر نے واضح بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی ٹیم کسی صورت ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے بھارت نہیں جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی صورتحال اور حالیہ واقعات نے بنگلادیشی کھلاڑیوں اور ٹیم انتظامیہ کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، جس کے باعث وینیو کی تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے۔

اسی طرح معاملے کے پس منظر میں دیکھا جائے تو حال ہی میں آئی پی ایل کی معروف فرنچائز کولکتہ نائٹ رائڈرز کی جانب سے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو بھارتی ہندو انتہا پسند گروہوں کی دھمکیوں کے بعد لیگ سے باہر کر دیا گیا تھا۔ اس واقعے نے دونوں ممالک کے کرکٹ حلقوں میں بے چینی پیدا کی اور اسی کے بعد بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے ہنگامی اجلاس منعقد کیا، جس میں بھارت نہ جانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس فیصلے کے بعد ہی بنگلادیش نے باضابطہ طور پر آئی سی سی سے میچز کسی اور ملک منتقل کرنے کی درخواست کی تھی۔

کرکٹ مبصرین کے مطابق آئی سی سی کے حالیہ فیصلے سے ٹی 20 ورلڈ کپ کے انعقاد پر سوالات اٹھنے لگے ہیں، کیونکہ سیکورٹی جیسے حساس معاملے کو نظر انداز کرنا کسی بڑے تنازع کو جنم دے سکتا ہے۔

 


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے