تھائی لینڈ کی ملکہ سوتھیڈا نے ملک میں منعقد ہونے والے جنوب مشرقی ایشیائی کھیلوں میں سیلنگ کے مقابلوں میں سونے کا تمغہ اپنے نام کر کے سب کو حیران کر دیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کے روز تھائی لینڈ کی ملکہ سوتھیڈا نے مخلوط کیلو بوٹ ایس ایس ایل۴۷ زمرہ میں حصہ لیا، جس میں انہوں نے 47 فٹ لمبی کشتی پر نو دیگر ساتھیوں کے ساتھ مقابلہ کیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق 47 سالہ ملکہ نے بطور ٹیکٹیشن اور ہلمز خواتین ذمہ داریاں انجام دیتے ہوئے تھائی ٹیم کو فتح دلوائی، مقابلے میں ملائیشیا کی ٹیم دوسرے نمبر پر رہی جبکہ میانمار نے تیسرا مقام حاصل کیا۔
جمعرات کو تھائی لینڈ کے 73 سالہ بادشاہ وجیرالونگ کورن نے فاتحین کو سونے، چاندی اور کانسی کے تمغے پیش کیے، جن میں تھائی ملکہ سوتھیڈا بھی شامل تھیں، جن سے انہوں نے 2019 میں شادی کی تھی۔
واضح رہے کہ کمیونیکیشنز میں گریجویٹ تھائی ملکہ نے فوج میں شمولیت سے قبل تھائی ایئر ویز میں بطور فلائٹ اٹینڈنٹ خدمات انجام دی تھیں۔ کھیلوں کی شوقین ملکہ نے رواں ماہ بینکاک میں کینیا کے عالمی شہرت یافتہ دوڑنے والے الیوڈ کیپ چوگے کے ساتھ نصف میراتھن میں بھی حصہ لیا اور دو گھنٹے تیرہ منٹ چالیس سیکنڈ میں دوڑ مکمل کی۔
یہ فتح نہ صرف تھائی لینڈ کے لیے اعزاز کا باعث ہے بلکہ یہ ثابت کرتی ہے کہ اعلیٰ عہدے پر فائز افراد بھی کھیلوں اور جسمانی محنت میں نمایاں کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔




