میسی کے دہلی دورے پر نجی ملاقات و مصافحے کے لیے ایک کروڑ روپے تک وصول

شیئر کریں

ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبال اسٹار لیونل میسی کا بھارت کا حالیہ دورہ محض چند عوامی تقریبات تک محدود نہیں رہا بلکہ دہلی میں ایک خصوصی اور نجی ملاقات بھی شامل تھی، جو بند دروازوں کے پیچھے منعقد ہوئی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی میں ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبال اسٹار لیونل میسی کے لیے ایک نجی ’میٹ اینڈ گریٹ‘ ایونٹ کا اہتمام کیا گیا، جس میں محدود تعداد میں منتخب وی آئی پی اور کارپوریٹ شخصیات شریک ہوئیں۔ اس خصوصی ملاقات کا مقصد فٹبال کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی سے ذاتی طور پر ملاقات کا موقع فراہم کرنا تھا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایونٹ میں شرکت کے لیے ایک کروڑ روپے تک کی رقم وصول کی گئی اور اس رقم کے عوض شریک افراد کو میسی کے ساتھ چند منٹ کی مختصر بات چیت اور مصافحہ کرنے کی اجازت دی گئی۔ ملاقات کا دورانیہ اس حد تک محدود رکھا گیا کہ زیادہ سے زیادہ افراد اس منفرد موقع سے مستفید ہو سکیں۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق اس خصوصی تقریب میں فوٹوگرافی یا میڈیا کوریج پر سخت پابندیاں عائد کی گئی تھیں تاکہ میسی کی پرائیویسی اور سیکیورٹی برقرار رہے، دہلی میں مختصر قیام کے بعد میسی شام 6:15 پر ہوٹل سے روانہ ہوئے اور ان کی فلائٹ رات 8 بجے کے لیے تیار تھی۔

میسی کی دہلی آمد پر عوامی دلچسپی بے حد زیادہ تھی، تاہم ان کی سیکیورٹی کے لیے انتظامات اتنے سخت اور مؤثر تھے کہ ہوٹل دی لیلا پیلس کا ماحول کسی مضبوط قلعے سے کم محسوس نہیں ہوا۔
شہر کی سڑکوں پر اضافی سیکیورٹی اہلکار تعینات تھے اور ہوٹل تک پہنچنے کے راستے کو مکمل طور پر محفوظ بنایا گیا۔ اس سے قبل کولکتہ اسٹیڈیم میں پیدا ہونے والی ہنگامہ آرائی کے بعد مزید احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی تھیں تاکہ میسی کا قیام کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے محفوظ رہے۔


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے