قدرتی شفا کا خزانہ: سرسوں کا تیل صحت، خوبصورتی اور سردیوں میں بے حد مفید

شیئر کریں

سرسوں کا تیل برصغیر کی دیسی روایات میں ہمیشہ سے خاص اہمیت رکھتا ہے، یہ نہ صرف کھانوں کا ذائقہ بڑھاتا ہے بلکہ صحت، خوبصورتی اور گھریلو علاج میں بھی انتہائی مؤثر مانا جاتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق سرسوں کے تیل میں وٹامن ای، اومیگا تھری فیٹی ایسڈز، اینٹی آکسیڈنٹس اور قدرتی اجزا پائے جاتے ہیں جو جسم کو اندرونی اور بیرونی طور پر مضبوط بناتے ہیں۔

غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ سرسوں کے تیل میں ایسے اجزا موجود ہیں جو دل کے لیے مفید ہیں، خون میں کولیسٹرول کی سطح کو متوازن رکھتے ہیں اور شریانوں کو بند ہونے سے بچاتے ہیں۔ اس کے باقاعدہ استعمال سے بلڈ پریشر قابو میں رہتا ہے اور دل کے امراض کے خطرات کم ہوتے ہیں۔

طبی ماہرینِ جلد کے مطابق سردیوں میں سرسوں کا تیل خشک جلد کے لیے بہترین قدرتی موئسچرائزر ہے، یہ جلد کو نرم، ملائم اور چمکدار بناتا ہے اور جھریوں یا خشکی سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔ بچوں کو سرد موسم میں اس تیل کی ہلکی مالش سے جسم میں حرارت پیدا ہوتی ہے اور قوتِ مدافعت بڑھتی ہے۔

بالوں کے ماہرین کے مطابق سرسوں کے تیل کی مالش بالوں کی جڑوں کو مضبوط کرتی ہے، خشکی ختم کرتی ہے اور بالوں کو گھنا اور چمکدار بناتی ہے۔ یہ قدرتی کنڈیشنر کے طور پر کام کرتا ہے اور ٹوٹے ہوئے بالوں کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے۔

دیسی طریقہ علاج کے ماہرین کے مطابق سرسوں کا تیل جوڑوں کے درد، نزلہ زکام اور جسمانی تھکن کے لیے بھی بہترین گھریلو علاج ہے۔ نزلہ زکام کی صورت میں تیل کو نیم گرم کرکے پاؤں کے تلوؤں یا سینے پر مالش کرنے سے آرام ملتا ہے۔ اسی طرح جوڑوں یا پٹھوں کے درد میں سرسوں کے تیل سے ہلکی مالش خون کی روانی بہتر بناتی ہے اور سوجن کم کرتی ہے۔

طبی ماہرین کا مشورہ ہے کہ سرسوں کا تیل ہمیشہ خالص اور صاف شدہ استعمال کیا جائے، کیونکہ غیر معیاری یا ملاوٹ شدہ تیل نقصان دہ ہو سکتا ہے، اعتدال کے ساتھ اس کا روزمرہ استعمال صحت، خوبصورتی اور توانائی کے لیے قدرتی تحفہ ثابت ہو سکتا ہے۔


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے