لوبیہ قدرتی غذائی خزانہ، دل، ذیابیطس اور وزن میں کمی کیلیے مفید

شیئر کریں

کراچی: غذائی ماہرین نے کہا ہے کہ عام طور پر گھروں میں کھایا جانے والا لوبیہ (Kidney Beans/Black-eyed Beans) محض ذائقے دار غذا ہی نہیں بلکہ صحت کے لیے ایک قدرتی خزانہ ہے جسے روزمرہ خوراک میں شامل کرنے سے کئی بیماریوں سے بچاؤ اور جسمانی توانائی میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق ماہرین صحت کاکہنا ہے کہ لوبیہ پروٹین، فائبر، آئرن، فولک ایسڈ، پوٹاشیم اور میگنیشیم جیسے اہم اجزاء سے بھرپور ہے، جو انسانی جسم کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ کئی امراض کے خلاف ڈھال کا کام کرتے ہیں، سب سے اہم یہ کہ لوبیہ گوشت کا بہترین متبادل مانا جاتا ہے اور کم لاگت میں بھرپور غذائیت فراہم کرتا ہے۔

ماہرین صحت نے کہا کہ لوبیہ دل کی صحت کے لیے نہایت مفید ہے کیونکہ اس میں موجود فائبر اور پوٹاشیم کولیسٹرول کو کنٹرول کرتے ہیں اور ہائی بلڈ پریشر کے خطرے کو کم کرتے ہیں، ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بھی لوبیہ بہترین غذا ہے کیونکہ اس میں موجود فائبر خون میں شوگر کی سطح کو متوازن رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

ماہرین صحت نے مزید کہاکہ لوبیہ وزن گھٹانے میں بھی معاون ہے کیونکہ اس میں موجود پروٹین اور فائبر طویل وقت تک بھوک کو کم رکھتے ہیں اور ضرورت سے زیادہ کھانے سے بچاتے ہیں، یہ نظامِ ہاضمہ کو بہتر بناتا ہے اور قبض جیسی شکایات سے نجات دلاتا ہے۔

ماہرین صحت نے کہاکہ آئرن کی زیادہ مقدار کے باعث یہ خون کی کمی اور انیمیا کے مریضوں کے لیے بھی فائدہ مند ہے جبکہ اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس مدافعتی نظام کو مضبوط بنا کر بیماریوں کے خلاف مزاحمت میں اضافہ کرتے ہیں۔

غذائی ماہرین نے تجویز دی ہے کہ ہفتے میں کم از کم دو سے تین بار لوبیہ کو سالن، سلاد یا سوپ کی شکل میں کھانا چاہیے تاکہ مجموعی صحت بہتر ہو اور توانائی برقرار رہے۔ ان کے مطابق یہ سادہ اور سستی غذا روزمرہ زندگی میں شامل کر کے مہنگی دوائیوں اور پیچیدہ بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے