روس: کمچاتکا میں 7.4 شدت کا زلزلہ، شہریوں میں خوف و ہراس

شیئر کریں

ماسکو: روس کے علاقے کمچاتکا میں ایک مرتبہ پھر شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق روس کے کامچٹکا خطے کے مشرقی ساحل کے قریب شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے بعد ابتدائی طور پر سونامی وارننگ جاری کی گئی تاہم بعدازاں خطرے کو ختم قرار دے دیا گیا۔

امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.4 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز پیٹرو پاولوسک کامچٹسکے کے مشرق میں تقریباً 112 کلومیٹر کے فاصلے پر اور 39 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے بعد امدادی اداروں اور مقامی حکام کی جانب سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیا گیا، تاہم اب تک کسی جانی نقصان یا مالی تباہی کی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی اور صورتحال معمول کے مطابق بتائی جا رہی ہے۔

ابتدائی طور پر پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر (پی ٹی ڈبلیو سی) نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ زلزلے کے بعد سونامی آ سکتا ہے، تاہم بعد کی جانچ کے بعد ادارے نے اعلان کیا کہ اب کسی قسم کے سونامی کا خطرہ موجود نہیں ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال 20 جولائی کو بھی روس کے اسی علاقے، جزیرہ نما کامچٹکا، کو پانچ طاقتور زلزلوں نے ہلا کر رکھ دیا تھا جن میں سب سے بڑے زلزلے کی شدت 8.8 ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس تازہ زلزلے نے ایک بار پھر خطے کے رہائشیوں کو خوفزدہ کر دیا ہے اور ماہرین کے مطابق یہ علاقہ اپنی ارضیاتی ساخت کے باعث زلزلوں کے لیے نہایت حساس سمجھا جاتا ہے۔


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے