تہران: ایران کے سابق سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای کی آخری رسومات کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے ۔ تہران میں ایک بڑے جلوسِ جنازہ کے لیے غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں جہاں لاکھوں افراد کی شرکت متوقع ہے۔
جلوس کا آغاز تہران کی گرینڈ مصلیٰ مسجد سے ہوا ہے جہاں گزشتہ 2 روز سے ان کا جسدِ خاکی عوام کے دیدار کے لیے رکھا گیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ جلوس تقریباً 10 سے 12 گھنٹے تک جاری رہے گا۔
جلوسِ جنازہ 10 کلومیٹر طویل راستے سے گزرے گا جس کے لیے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو مکمل طور پر روک دیا گیا ہے۔ جلوس دماوند اسٹریٹ، امام حسین اسکوائر اور آزادی اسکوائر سمیت اہم شاہراہوں سے گزرتا ہوا مہرآباد ہوائی اڈے تک پہنچے گا۔
انتظامیہ نے تسلیم کیا ہے کہ یہ ایرانی تاریخ کا ایک بہت بڑا عوامی اجتماع ہے جس کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھی گئی ہے۔ جلوس کی نگرانی کے لیے جدید آلات اور بڑی تعداد میں سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
تہران میں آخری رسومات کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد سید علی خامنہ ای کا جسدِ خاکی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے مقدس شہر قم لے جایا جائے گا۔ اس سفر کے دوران بھی عقیدت مندوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر موجود رہنے کی توقع ہے۔
اس سفر کا حتمی پڑاؤ مشہد ہوگا جہاں انہیں امام رضا کے روضے کے احاطے میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔ مذہبی اور سیاسی مبصرین اسے ایران کی حالیہ تاریخ کے سب سے بڑے اور جذباتی عوامی اجتماعات میں سے ایک قرار دے رہے ہیں۔
حکومت نے ملک بھر سے آنے والے سوگواروں کے لیے خصوصی سفری سہولیات کا اعلان بھی کیا ہے۔ توقع ہے کہ آخری رسومات کے دوران پورا ملک ایک سوگوار کیفیت میں رہے گا اور حکومتی اداروں کی جانب سے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔




