ہر وقت تھکاوٹ کیوں محسوس ہوتی ہے؟ جسم میں آئرن کی کمی بڑی وجہ قرار

شیئر کریں

feel-tired
اگر آپ خود کو اکثر تھکا ہوا محسوس کرتے ہیں اور معمولی کاموں کے بعد بھی توانائی ختم ہوجاتی ہے تو ممکن ہے کہ اس کی وجہ جسم میں آئرن کی کمی ہو،آج کل تھکاوٹ عام مسئلہ بن چکی ہے، چاہے آپ دفتر میں ہوں، خریداری کے لیے بازار گئے ہوں یا گاڑی چلا رہے ہوں ، تھکے ہوئے چہروں کو دیکھنا روزمرہ معمول بن چکا ہے۔

طبی ماہرین کہتے ہیں کہ جسم میں آئرن کی کمی سے انیمیا (خون کی کمی) لاحق ہوجاتا ہے، جس سے مسلسل تھکاوٹ اور کمزوری برقرار رہتی ہے، اگر اچھی نیند لینے، چائے یا کافی پینے کے باوجود بھی تھکاوٹ ختم نہیں ہوتی تو یہ واضح اشارہ ہوسکتا ہے کہ آپ کے جسم میں آئرن کی مقدار کم ہے۔

عالمی ادارۂ صحت (WHO) کے مطابق آئرن کی کمی دنیا بھر میں سب سے عام غذائی کمی ہے اور اندازاً 30 فیصد عالمی آبادی اس کی وجہ سے انیمیا کا شکار ہے، آئرن خون میں ہیموگلوبن بنانے کے لیے انتہائی ضروری ہے، جو خون کے سرخ خلیات کو آکسیجن لے جانے میں مدد دیتا ہے، جب جسم کو آکسیجن کی مناسب فراہمی نہیں ملتی تو نہ صرف تھکاوٹ بڑھتی ہے بلکہ دماغ، دل اور پٹھوں کی کارکردگی بھی متاثر ہوتی ہے۔

امریکی نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے مطابق آئرن کی کمی سے سانس لینے میں دشواری، سر چکرانا، سر درد، زرد چہرہ، ہاتھ پاؤں ٹھنڈے رہنا، سینے میں درد اور کمزوری جیسی علامات ظاہر ہوتی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آئرن کی کمی کو دور کرنے کا سب سے آسان طریقہ غذائیت سے بھرپور خوراک ہے، سرخ گوشت، کلیجی، مرغی، مچھلی، سبز پتوں والی سبزیاں، خشک آلوبخارے، کشمش، گریاں، بیج اور مٹر آئرن کے بہترین ذرائع ہیں، ان غذاؤں کے ساتھ وٹامن سی والی اشیاء جیسے لیموں، مالٹے یا امرود کھانے سے آئرن کے جذب ہونے میں بھی مدد ملتی ہے۔

اگر علامات برقرار رہیں تو ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ اپنا خون ٹیسٹ کروایا جائے اور معالج سے مکمل مشورہ لیا جائے، تاکہ مناسب علاج اور غذائی منصوبہ تیار کیا جاسکے۔


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے