اختلافِ رائے دشمنی، تنقید ذاتی حملہ، سیاسی مخالفت غداری

شیئر کریں

پاکستانی معاشرہ آج ایک ایسے دوراہے پر کھڑا ہے جہاں انسان کی عزت، برداشت، شائستگی اور اخلاقی اقدار مسلسل سوالیہ نشان بنتی جا رہی ہیں۔ اختلافِ رائے کو دشمنی، تنقید کو ذاتی حملہ، سیاسی مخالفت کو غداری اور کسی دوسرے کے نظریے سے اختلاف کو اس کی تذلیل کا جواز سمجھنے کا رجحان خطرناک حد تک بڑھ رہا ہے۔ ایسا لگتا ہے جیسے ہم واقعی ایک ایسے معاشرے میں تبدیل ہو رہے ہیں جہاں دلیل کی جگہ گالی، مکالمے کی جگہ دھمکی، احترام کی جگہ تضحیک اور انسانیت کی جگہ انتقام نے لے لی ہے؟

یہ محض چند افراد کے بگڑے ہوئے رویوں کا معاملہ نہیں، بلکہ ایک گہرے سماجی، سیاسی، نفسیاتی اور اخلاقی بحران کی علامت ہے۔ جب کسی معاشرے میں سیاسی قیادت، ریاستی ادارے، ذرائع ابلاغ، تعلیمی نظام اور خاندانی تربیت برداشت و احترام کے بجائے نفرت اور انتقامی رویوں کو فروغ دینے لگیں تو اس کے اثرات صرف سیاست تک محدود نہیں رہتے، بلکہ گھروں، تعلیمی اداروں، بازاروں، سڑکوں اور روزمرہ انسانی تعلقات میں بھی نمایاں ہونے لگتے ہیں۔

پاکستان میں سیاسی عدم برداشت کی تاریخ نئی نہیں۔ قیامِ پاکستان کے بعد جمہوری اداروں کی کمزوری، بار بار مارشل لا، سیاسی حکومتوں کی برطرفی، مخالفین کے خلاف ریاستی طاقت کا استعمال اور اقتدار کے حصول کے لیے اصولوں سے انحراف نے ایک ایسا سیاسی ماحول تشکیل دیا جس میں اختلاف رائے کو جمہوریت کا لازمی حصہ سمجھنے کے بجائے اقتدار کے لیے خطرہ تصور کیا جاتا رہا۔ تاہم ہر دور کی شدت، نوعیت اور اثرات یکساں نہیں رہے۔ سیاسی تاریخ کا تجزیہ کرتے ہوئے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ کسی ایک شخصیت یا جماعت کو تمام خرابیوں کا ذمہ دار قرار دینا بھی حقیقت سے فرار ہو گا۔ اصل مسئلہ وہ سیاسی ثقافت ہے جس میں مخالف کو شکست دینے کے بجائے اسے بدنام اور ذلیل کرنا کامیابی سمجھا جانے لگا۔

پاکستان کی سیاسی تاریخ میں نوے کی دہائی ایک انتہائی تلخ اور متنازع دور کے طور پر یاد کی جاتی ہے۔ محترمہ بینظیر بھٹو اور میاں نواز شریف کے درمیان سیاسی اور نظریاتی کشمکش نے سیاسی اختلاف کو شدید ذاتی مخاصمت میں تبدیل کیا۔ اس دور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اس کی قیادت میاں نواز شریف، شیخ رشید احمد اور دیگر لوگوں کی جانب سے محترمہ بینظیر بھٹو شہید اور بیگم نصرت بھٹو مرحومہ کے خلاف الزامات، تضحیک آمیز بازاری زبان اور کردار کشی کی جس غلاظت کی بنیاد ڈالی اس بنیاد کی جڑیں اب مزید گہری ہو چکی ہیں۔ جبکہ دوسری جانب رانا ثنا اللہ جو اس وقت پیپلز پارٹی میں تھے کی جانب سے مریم نواز صاحبہ کے خلاف غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے پہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے انہیں پارٹی سے ہی نکال دیا تھا۔ اس دور میں خواتین سیاسی رہنماؤں کے خلاف ایسے رویوں کی خالق مسلم لیگ نواز تھی اور ایسے رویے محض سیاسی تنقید نہیں تھے، بلکہ سیاست میں خواتین کی عزت اور وقار کو مجروح کرنے کی ایک افسوس ناک مثال بنے۔

محترمہ بینظیر بھٹو کی سیاسی زندگی اس حقیقت کی گواہ ہے کہ پاکستان میں ایک انتہائی اعلیٰ تعلیم یافتہ باکردار خاتون کی جمہوری جدوجہد کو محض سیاسی مخالفت ہی نہیں بلکہ صنفی تعصب اور ذاتی تضحیک کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ یہ سیاسی رویہ بعد میں ختم نہیں ہوا، بلکہ مختلف شکلوں میں نئی نسلوں تک منتقل ہوتا رہا۔ ان رویوں کو دوام ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کی قیادت میں عطا ہوا۔ انہوں نے سیاسی کلچر میں بدزبانی، گالم گلوچ، غیر اخلاقی فقرے بازی اور گھٹیا کردار کشی کو پاکستانی معاشرے کی رگوں میں سرایت کر دیا، یوں سیاسی کردار کشی ایک وقتی حربے کے بجائے سیاسی ثقافت کا حصہ بنتی چلی گئی۔

ان سیاسی رویوں کے کئی پہلوؤں کو ان کے حامی عوامی بیداری اور احتساب کی جدوجہد قرار دیتے ہیں جبکہ یہ رویے اصل میں پاکستان کے سیاسی معاشرے کی تباہی کی بنیاد بنے ہیں۔ اسی دور میں سیاسی مخالفین کے لیے استعمال ہونے والی زبان، مسلسل ذاتی حملوں، تحقیر آمیز القابات اور مخالفین کے خلاف اشتعال انگیزی کو بھی عروج حاصل ہوا۔

جب سیاسی رہنما اپنے مخالفین کو محض مخالف نہیں بلکہ قومی دشمن، اخلاقی طور پر بدترین یا معاشرے کے لیے ناقابلِ قبول قرار دینے لگیں تو ان کے پیروکاروں میں بھی یہی طرزِ فکر جڑ پکڑنے لگتا ہے۔

یہاں کسی جماعت کے کردار پر تنقید کا بنیادی نکتہ یہی ہے کہ عوامی مقبولیت کے ساتھ سیاسی قیادت کی ذمہ داری بھی بڑھ جاتی ہے۔ جو رہنما لاکھوں لوگوں کے لیے مثال ہوں، ان کے الفاظ محض سیاسی بیان نہیں رہتے، بلکہ معاشرتی رویوں پر اثر انداز ہونے والے پیغام میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔ سیاسی رہنماؤں کی زبان جب عوامی گفتگو کا معیار بن جاتی ہے تو معاشرے میں اس کے اثرات کئی صورتوں میں ظاہر ہوتے ہیں۔

سوشل میڈیا نے اس رجحان کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ اب کسی سیاسی رہنما کے خطاب کا ایک مختصر حصہ چند لمحوں میں ہزاروں افراد تک پہنچ جاتا ہے۔ کسی غیر مصدقہ خبر، الزام یا تضحیک آمیز پوسٹ کو بغیر تحقیق کے آگے پھیلانا معمول بنتا جا رہا ہے۔

پاکستانی معاشرے میں بڑھتے ہوئے غیر انسانی رویوں کو صرف سیاست کے تناظر میں سمجھنا کافی نہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری، معاشی عدم تحفظ، طبقاتی فرق، انصاف کی عدم دستیابی اور روزمرہ زندگی کی مشکلات بھی انسانی رویوں پر اثر انداز ہوتی ہیں۔

پاکستان میں فحاشی اور اخلاقی زوال کے موضوع پر گفتگو کرتے وقت ایک ضروری فرق سمجھنا چاہیے: کسی معاشرے کی اخلاقی خرابی صرف لباس، ظاہری شکل یا ثقافتی اختلاف سے متعین نہیں ہوتی۔ اصل اخلاقی بحران اس وقت پیدا ہوتا ہے جب انسان دوسروں کی عزت، رضامندی، نجی زندگی اور بنیادی حقوق کا احترام کرنا چھوڑ دے۔ ایک معاشرے میں اگر کسی کی عزت اچھالنے کو تفریح، کسی کی نجی زندگی میں مداخلت کو حق اور کسی کی تذلیل کو سیاسی کامیابی سمجھا جانے لگے تو یہ محض فحاشی کا مسئلہ نہیں رہتا، بلکہ انسانی احترام کے بنیادی تصور کی شکست بن جاتا ہے۔

ذرائع ابلاغ کو بھی سنسنی خیزی، ذاتی تضحیک اور نفرت انگیز بیانیے کے بجائے، انسانی وقار اور مساوات کو اہمیت دیتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ ذمے داریوں میں تبدیلی لانی ہو گی۔ ہماری سیاسی وابستگیاں مختلف ہو سکتی ہیں، ہماری زبانیں، ثقافتیں اور نظریات مختلف ہو سکتے ہیں، لیکن ہماری انسانی عزت مشترک ہے۔

محترمہ بینظیر بھٹو شہید، مرحومہ بیگم نصرت بھٹو، صدر مملکت آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، میاں نواز شریف، الطاف حسین، مولانا فضل الرحمان، عمران خان یا کسی بھی سیاسی رہنما کے بارے میں اختلاف یا تنقید کا حق ہر شہری کو حاصل ہے۔ لیکن کسی سیاسی شخصیت کی مخالفت اس کی تذلیل، کسی خاندان کی کردار کشی یا کسی انسان کی عزت پامال کرنے کا جواز نہیں بن سکتی۔

اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہماری آنے والی نسلیں ایک مہذب، باوقار اور پرامن پاکستان میں زندگی گزاریں تو ہمیں آج اپنی زبان، اپنے رویوں اور اپنے سیاسی طرزِ فکر کا محاسبہ کرنا ہو گا۔ قومیں صرف سڑکوں، عمارتوں اور معاشی منصوبوں سے ترقی نہیں کرتیں ؛ قوموں کی اصل ترقی انسان کے کردار، برداشت، انصاف اور دوسرے انسان کی عزت کرنے کے شعور سے ہوتی ہے۔


شیئر کریں

آپ کا تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے