کیا بامقصد تعلیم کے بغیر باشعور قوم کی بنیاد ممکن ہے؟

شیئر کریں

تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی، خوشحالی اور مضبوط مستقبل کی بنیاد ہوتی ہے۔ تاریخ اقوام عالم بھی اس کی گواہی دیتی ہے۔ آج کی دنیا میں اقوام عالم کے درمیان بنیادی فرق تعلیم کا ہی ہے۔

تعلیم محض کتابیں پڑھنے، امتحانات پاس کرنے یا ڈگری حاصل کرنے کا نام نہیں، بلکہ تعلیم انسان کو سوچنے، سمجھنے، سوال کرنے، اپنے حقوق و فرائض پہچاننے اور دوسروں کے حقوق کا احترام کرنے کا شعور دیتی ہے۔ ایک حقیقی تعلیم یافتہ انسان صرف اپنے مستقبل کی فکر نہیں کرتا بلکہ اپنے خاندان، معاشرے اور ملک کی بہتری میں بھی اپنا کردار ادا کرتا ہے اور دوسروں کو بھی ایسا ہی کرنے کی تلقین کرتا ہے۔ لیکن جب ہم پاکستان کے موجودہ معاشرتی حالات کا جائزہ لیتے ہیں تو ایک اہم سوال سامنے آتا ہے کہ کیا ہمارا تعلیمی نظام واقعی ایسی باشعور نسل تیار کر رہا ہے جو معاشرے کو بہتر بنانے کی صلاحیت رکھتی ہو؟ بد قسمتی سے اس سوال کا جواب نفی میں ملتا ہے۔ اس کی ایک دو نہیں بلکہ بہت سی وجوہات ہیں۔ سب سے بڑی وجہ سیاسی نظام اور طرز حکمرانی کا کمزور تر ہونا اور ایڈہاک ازم کی بنیاد پر قائم ہونا ہے اور تعلیم کی اہمیت و ضرورت کو ہر دور میں نظر انداز کرنا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ پاکستان آج کئی سنگین معاشرتی مسائل سے دوچار ہے۔ بچوں کے ساتھ تشدد، بدسلوکی اور استحصال، خواتین کے خلاف تشدد، عدم برداشت، بزرگوں کے ساتھ نامناسب رویے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہمارے معاشرے کے تلخ حقائق ہیں۔ ان مسائل کی وجوہات یقیناً مختلف ہیں، لیکن ان کے حل میں تعلیم، اخلاقی تربیت اور سماجی شعور بنیادی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اگر ایک فرد تعلیم حاصل کرنے کے باوجود کسی بچے پر تشدد کرتا ہے، عورت کی عزت اور حقوق کو تسلیم نہیں کرتا یا اپنے بزرگوں کے ساتھ بدسلوکی کرتا ہے تو ہمیں صرف اس کی ڈگری نہیں بلکہ اس کی تربیت اور شعور پر بھی سوال اٹھانا چاہیے۔ تعلیم کا اصل مقصد انسان کو انسانیت کا احترام سکھانا ہے۔ ایک ایسا معاشرہ جہاں بچے محفوظ نہ ہوں، خواتین کو مساوی حقوق اور تحفظ حاصل نہ ہو اور بزرگ خود کو غیر اہم محسوس کریں، وہاں ترقی کے دعوے ادھورے رہ جاتے ہیں۔

پاکستان میں تعلیم کی صورت حال خود ایک بڑا چیلنج ہے۔ ملک میں تقریباً 2 کروڑ 62 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ یہ تعداد محض ایک عدد نہیں بلکہ لاکھوں ایسے بچوں کی نمائندگی کرتی ہے جن کے مستقبل، خواب اور صلاحیتیں مناسب تعلیمی مواقع نہ ملنے کی وجہ سے متاثر ہو رہی ہیں۔ دوسری طرف جو بچے اسکولوں میں موجود ہیں، انہیں بھی معیاری تعلیم، تربیت یافتہ اساتذہ، بنیادی سہولیات اور بہتر تعلیمی ماحول جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ یہ صورتحال حکومت اور ریاستی اداروں کے لیے ایک سنجیدہ سوال ہے۔ اگر آج ہم بچوں کو تعلیم فراہم کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو کل ہمیں ایک ایسے معاشرے کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جہاں بے روزگاری، غربت، عدم مساوات اور سماجی محرومی مزید بڑھے گی۔ حکومت کو چاہیے کہ تعلیم کو قومی ترقی کی بنیادی ترجیح بنائے، تعلیمی بجٹ اور سہولیات میں بہتری لائے، اسکولوں سے باہر بچوں کو دوبارہ تعلیمی نظام میں شامل کرے اور ہر بچے کے لیے معیاری تعلیم کے یکساں مواقع یقینی بنائے۔

موجودہ دور میں سوشل میڈیا ہماری زندگی کا ایک اہم حصہ بن چکا ہے۔ اس کے ذریعے علم، معلومات، کاروبار اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکتا ہے، لیکن اس کے غیر ذمہ دارانہ استعمال نے نوجوان نسل کے سامنے کچھ نئے چیلنجز بھی پیدا کیے ہیں۔ آج ہمارے بہت سے نوجوان چند سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے طرزِ زندگی، شہرت اور ظاہری دولت سے اس حد تک متاثر ہو رہے ہیں کہ وہ اپنی تعلیم، صلاحیتوں اور مستقبل کے حقیقی مقاصد کو نظرانداز کرنے لگتے ہیں۔ انہیں سوشل میڈیا پر نظر آنے والی کامیابی تو دکھائی دیتی ہے لیکن اس کے پیچھے موجود محنت، وسائل، ناکامیاں اور حقیقت اکثر نظر نہیں آتی۔ مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی مشکلات نے یقیناً نوجوانوں کے لیے زندگی مشکل بنا دی ہے۔ بہتر مستقبل اور مالی استحکام کی خواہش بالکل فطری ہے، لیکن جب نوجوان تعلیم، ہنر اور مسلسل محنت کے بجائے سوشل میڈیا کے ذریعے راتوں رات امیر ہونے کے خواب دیکھنے لگیں تو یہ ایک تشویش ناک رجحان بن جاتا ہے۔

ہمیں نوجوانوں کو یہ سمجھانا ہو گا کہ سوشل میڈیا پر دکھائی جانے والی ہر چیز حقیقت نہیں ہوتی۔ اصل کامیابی محض شہرت، مہنگی گاڑی یا دولت کی نمائش نہیں بلکہ علم، کردار، قابلیت اور معاشرے کے لیے مثبت کردار ادا کرنے میں ہے۔ سوشل میڈیا کو تعلیم، تحقیق، کاروبار اور ترقی کا ذریعہ بنانا چاہیے، نہ کہ اپنی صلاحیتوں اور وقت کو ضائع کرنے کا وسیلہ۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ سوشل میڈیا پر موجود معلومات اور رجحانات کو آنکھیں بند کر کے قبول کرنے کے بجائے اپنی تعلیم اور شعور کی روشنی میں ان کا تجزیہ کریں۔ انہیں یہ سمجھنا ہو گا کہ کامیابی کا کوئی مستقل شارٹ کٹ نہیں ہوتا بلکہ اس کے لیے محنت، مستقل مزاجی، علم اور عملی تجربہ ضروری ہیں۔

ہمیں یہ حقیقت بھی تسلیم کرنی ہو گی کہ صرف اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں قائم کر دینا کافی نہیں۔ تعلیم کے ساتھ کردار سازی اور اخلاقی تربیت بھی ضروری ہے۔ والدین، اساتذہ، تعلیمی اداروں اور معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ نئی نسل کو اچھا انسان اور ذمہ دار شہری بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ بچوں کو یہ سکھانا ضروری ہے کہ کسی کمزور کا مذاق اڑانا، کسی پر تشدد کرنا یا کسی کے بنیادی حقوق پامال کرنا قابل قبول نہیں۔ خواتین کے احترام، بچوں کے تحفظ، بزرگوں کی عزت، برداشت اور معاشرتی مساوات جیسے موضوعات کو تعلیمی اور تربیتی سرگرمیوں کا حصہ بنانا چاہیے۔ اسی طرح نوجوانوں میں تنقیدی سوچ پیدا کرنا بھی ضروری ہے تاکہ وہ درست اور غلط میں فرق کر سکیں اور معاشرے میں پھیلنے والی غلط معلومات اور منفی رجحانات سے متاثر ہونے کے بجائے مثبت سوچ اپنا سکیں۔

پاکستان کی نوجوان نسل ملک کا قیمتی سرمایہ ہے۔ ہمارے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ان صلاحیتوں کو درست سمت دی جائے۔ ہمیں ایسے نوجوانوں کی ضرورت ہے جو سوشل میڈیا پر محض شہرت حاصل کرنے کے بجائے بچوں کے حقوق، خواتین کے تحفظ، تعلیم، ماحولیات، انسانی حقوق اور دیگر معاشرتی مسائل پر آواز بلند کریں۔ جو اپنی کامیابی کو صرف ذاتی دولت سے نہیں بلکہ معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کی صلاحیت سے بھی ناپیں۔ نوجوانوں کو یہ احساس ہونا چاہیے کہ ان کی تعلیم اور صلاحیتیں صرف ان کی ذاتی ترقی کے لیے نہیں بلکہ ملک و قوم کی بہتری کے لیے بھی ایک اہم سرمایہ ہیں۔ آج سب کو اجتماعی طور پر یہ تسلیم کرنا پڑے گا کہ آج پاکستان کو صرف ڈگریاں رکھنے والے افراد کی نہیں بلکہ باشعور، ذمہ دار، با اخلاق اور انسانیت کا احترام کرنے والے شہریوں کی ضرورت ہے۔ ہمیں یہ سمجھنا ہو گا کہ تعلیم کسی ایک فرد کی کامیابی کا ذریعہ نہیں بلکہ پوری قوم کے مستقبل کی ضمانت ہے۔ ریاست کو چاہیے کہ ہر بچے کے لیے معیاری تعلیم یقینی بنائے، والدین اپنے بچوں کی تعلیم کے ساتھ ان کی اخلاقی تربیت پر توجہ دیں، تعلیمی ادارے کردار سازی کو اپنی ذمہ داری سمجھیں اور نوجوان اپنی صلاحیتوں کو مثبت مقاصد کے لیے استعمال کریں۔

ہمیں خود سے یہ سوال کرنا ہو گا کہ ہم آنے والی نسلوں کے لیے کیسا پاکستان چھوڑ کر جانا چاہتے ہیں؟ ایک ایسا پاکستان جہاں کامیابی کا معیار صرف دولت، شہرت اور ظاہری نمود و نمائش ہو، یا ایک ایسا معاشرہ جہاں علم، کردار، انصاف، برداشت اور انسانیت کو اہمیت دی جائے؟ یاد رکھنا چاہیے کہ تعلیم یافتہ ہونا ایک ظاہری کامیابی ہے، لیکن تعلیم کے ذریعے ایک بہتر انسان بننا اصل کامیابی ہے۔ کیونکہ ایک باشعور انسان ہی ایک باشعور خاندان، ایک ذمہ دار معاشرے اور ایک ترقی یافتہ قوم کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔


شیئر کریں

آپ کا تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے