رواں مالی سال 2026-27 کے پہلے دو ماہ ( جولائی تا اگست) کے دوران ٹیکسٹائل شعبے کی برآمدات گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 5.55 فیصد بڑھ گئی ہیں۔ یہ اعداد و شمار ادارہ شماریات کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ ماہانہ ایڈوانس ریلیزز آن فارن ٹریڈ اسٹیٹسٹکس میں جاری کیے گئے ہیں۔
پی بی ایس کے مطابق زیرِ جائزہ مدت کے دوران ملکی ٹیکسٹائل برآمدات 3.379 ارب ڈالر رہیں جبکہ جولائی تا اگست 2025-26 کے دوران یہ 3.202 ارب ڈالر تھیں۔
تجارتی نمو میں جن ٹیکسٹائل مصنوعات نے نمایاں کردار ادا کیا ان میں سوتی دھاگا شامل ہے جس کی برآمدات 34.80 فیصد اضافے کے بعد 119.195 ملین ڈالر سے بڑھ کر 160.679 ملین ڈالر ہوگئیں جبکہ نٹ ویئر کی برآمدات 4.79 فیصد اضافے کے بعد 958.634 ملین ڈالر سے بڑھ کر 1.004 ارب ڈالر ہوگئیں۔
دیگر ٹیکسٹائل مصنوعات جن کی تجارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ان میں تولیے شامل ہیں جن کی برآمدات 6.74 فیصد اضافے سے 179.063 ملین ڈالر سے بڑھ کر 191.135 ملین ڈالر ہوگئیں۔ ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات 13.59 فیصد اضافے سے 728.088 ملین ڈالر کے مقابلے میں 827.001 ملین ڈالر ہوگئیں جبکہ میڈ اَپ آرٹیکلز (تولیوں اور بیڈ ویئر کے علاوہ) کی برآمدات 6.95 فیصد بڑھ کر 136.540 ملین ڈالر سے 146.032 ملین ڈالر ہوگئیں۔ دیگر ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات بھی 3.91 فیصد اضافے سے 128.140 ملین ڈالر سے بڑھ کر 133.153 ملین ڈالر ہوگئیں۔
جن ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں منفی نمو ریکارڈ کی گئی ان میں سوتی کپڑا شامل ہے جس کی برآمدات 7.66 فیصد کمی سے 299.180 ملین ڈالر سے گھٹ کر 276.255 ملین ڈالر ہوگئیں۔ اسی طرح سوتی دھاگے کے علاوہ دیگر دھاگے کی برآمدات بھی 31.78 فیصد کم ہوکر 5.938 ملین ڈالر سے 4.051 ملین ڈالر رہ گئیں۔
اسی طرح بیڈ ویئر کی برآمدات میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ 0.31 فیصد گھٹ کر 565.322 ملین ڈالر سے 563.545 ملین ڈالر رہ گئیں۔ خیموں، کینوس اور ترپال کی برآمدات 7.17 فیصد کمی سے 16.026 ملین ڈالر سے گھٹ کر 14.877 ملین ڈالر ہوگئیں جبکہ آرٹ، سلک اور مصنوعی ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 11.33 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ 66.131 ملین ڈالر سے کم ہوکر 58.638 ملین ڈالر رہ گئیں۔
اعداد و شمار کے مطابق سالانہ بنیاد پر اگست 2026 میں ٹیکسٹائل برآمدات میں گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 2.77 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اگست 2026 میں ٹیکسٹائل برآمدات 1.565 ارب ڈالر رہیں جبکہ اگست 2025 میں یہ 1.523 ارب ڈالر تھیں۔
ماہانہ بنیاد پر اگست 2026 میں ٹیکسٹائل برآمدات میں 13.68 فیصد کمی ہوئی۔ اگست میں برآمدات 1.565 ارب ڈالر رہیں جو جولائی 2026 میں 1.814 ارب ڈالر تھیں۔
پی بی ایس کے اعداد و شمار کے مطابق اگست 2026 میں مجموعی برآمدات 2.542 ارب ڈالر رہیں جبکہ جولائی 2026 میں یہ 2.951 ارب ڈالر تھیں، جس سے جولائی کے مقابلے میں 13.86 فیصد کمی ظاہر ہوتی ہے۔ تاہم اگست 2025 میں 2.416 ارب ڈالر کے مقابلے میں برآمدات میں 5.22 فیصد اضافہ ہوا۔
جولائی تا اگست 2026 کے دوران ملک کی مجموعی برآمدات 5.494 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں یہ 5.1 ارب ڈالر تھیں، یوں برآمدات میں 7.73 فیصد اضافہ ہوا۔
اگست 2026 میں مجموعی درآمدات 5.848 ارب ڈالر (عارضی) رہیں جبکہ جولائی 2026 میں یہ 6.898 ارب ڈالر تھیں، جس کے مقابلے میں 15.22 فیصد کمی ہوئی۔ تاہم اگست 2025 کی 5.288 ارب ڈالر کی درآمدات کے مقابلے میں 10.59 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
جولائی تا اگست 2026 کے دوران درآمدات 12.745 ارب ڈالر (عارضی) تک پہنچ گئیں جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں یہ 11.125 ارب ڈالر تھیں، اس طرح درآمدات میں 14.56 فیصد اضافہ ہوا۔




