واشنگٹن: امریکا کی ریاست آئیووا سے تعلق رکھنے والے ایک خوش نصیب خاندان نے 5 نسلوں کے ایک ہی تاریخ کو پیدا ہونے کا گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر لیا ہے۔
یہ منفرد اعزاز فریڈ ہارلو اور ان کے خاندان کے نام رہا ہے جو اب عالمی ریکارڈ ہولڈر بن چکے ہیں۔
خاندان کے سربراہ فریڈ ہارلو سمیت ان کے دادا ولبر، والدہ ایڈی، بیٹی ایما بیل اور نواسے آرتھر کی تاریخِ پیدائش ایک ہی یعنی 14 ستمبر ہے۔ اس عجیب و غریب اتفاق نے نہ صرف خاندان بلکہ پورے علاقے کے لوگوں کو بھی حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔
فریڈ ہارلو نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اولاد ایک بہت بڑا تحفہ ہے لیکن نسل در نسل ایک ہی دن سالگرہ کا آنا زندگی کا منفرد ترین تحفہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ہمیشہ سے اسے خاص مانتے تھے مگر کبھی سوچا بھی نہ تھا۔
ایما بیل نے اس دلچسپ سفر کے بارے میں بتایا کہ ان کے دوسرے بیٹے آرتھر کی پیدائش کے بعد انہوں نے باضابطہ تصدیق کروائی۔ اس سے قبل 4 نسلوں کا ریکارڈ تو موجود تھا لیکن 5 نسلوں کا یہ سنگِ میل عبور کرنا ایک بہت بڑی کامیابی ثابت ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی دادی کی ہمیشہ یہی خواہش تھی کہ بچہ 14 ستمبر کو ہی پیدا ہو۔ پہلا بچہ مقررہ تاریخ سے قبل ہوا تھا تاہم اس بار سب نے عزم کر رکھا تھا کہ تاریخ وہی ہوگی۔ آرتھر کی ولادت عین 14 ستمبر کو ہی ممکن ہو سکی۔
ایما نے مزید کہا کہ اگر آج ان کی دادی زندہ ہوتیں تو انہیں اس تاریخی کارنامے پر بے حد فخر ہوتا۔ اس خاندان کے لیے ایک اور حیران کن بات یہ ہے کہ 5 نسلوں میں لڑکا، لڑکی، لڑکا، لڑکی اور پھر لڑکے کی ترتیب بھی مکمل طور پر برقرار رہی ہے۔
یہ غیر معمولی واقعہ جہاں سائنسی اعتبار سے نایاب ہے، وہیں سماجی طور پر بھی اس خاندان کے لیے بے پناہ مسرت کا باعث بنا ہوا ہے۔ دنیا بھر کے لوگ اس منفرد ریکارڈ کو سراہ رہے ہیں اور یہ خبر سوشل میڈیا پر بھی کافی زیادہ مقبولیت حاصل کر رہی ہے۔




