پانڈا بانڈ پر پاکستان نے عالمی ایوارڈ جیت لیا، چینی مارکیٹ میں مزید بانڈز جاری کرنے کا اعلان

شیئر کریں

پاکستان نے 1.75 ارب چینی یوآن (258 ملین ڈالر) کے پائیدار پانڈا بانڈ پر بین الاقوامی ایوارڈ جیت لیا جبکہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان مزید قرضے جاری کرنے کے لیے چینی کیپٹل مارکیٹ میں دوبارہ آنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

پاکستان نے 2026 کے ایشیا پیسیفک کلائمیٹ بانڈز ایوارڈز میں پاینیر سسٹین ایبل سوورین پانڈا بانڈ ایشوئر ایوارڈ جیت لیا۔

وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے بدھ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں کہا کہ 3 سالہ بانڈ جس پر 2.5 فیصد شرحِ سود مقرر تھی کو جاری کردہ حجم سے پانچ گنا سے زائد طلب موصول ہوئی جس سے عالمی سرمائے کے ایک نئے ذریعے تک رسائی حاصل ہوئی، حکومتی قرضوں کے ذرائع میں تنوع پیدا ہوا اور پاکستان اور چین کے درمیان مالی تعلقات مزید مضبوط ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ پانڈا بانڈ کا کامیاب اجرا پاکستان کو چین کی کیپٹل مارکیٹ اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے نئے طبقے تک رسائی فراہم کرتا ہے، اس سے پاکستان کے بیرونی مالی وسائل میں تنوع پیدا ہوا اور پاکستان اور چین کے درمیان مالی تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ اہم لین دین حکومتِ پاکستان، ایشیائی انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی)، ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)، چینی حکام، مالیاتی مشیروں، انڈر رائٹرز اور مارکیٹ کے دیگر شراکت داروں کے تعاون سے مکمل ہوا۔

مشیر نے کہا کہ بانڈ سے حاصل ہونے والی رقم ماحول دوست اور سماجی اہمیت کے حامل منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لیے استعمال کی جائے گی جن میں پانی، توانائی اور صحت کے شعبے شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ عالمی سطح پر پذیرائی اس بات کا ایک اور اہم اعتراف ہے کہ پاکستان کو بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس تک رسائی میں وسعت مل رہی ہے، سرمایہ کاروں کا دائرہ بڑھ رہا ہے، مالی وسائل کے نئے ذرائع دستیاب ہورہے ہیں اور پائیدار ترقی کے لیے سرمایہ حاصل کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہورہا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایک ویڈیو پیغام میں کلائمیٹ بانڈز انیشی ایٹو، حکومتِ چین، ایشیائی انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی)، ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)، سرمایہ کاروں، مشیروں، انڈر رائٹرز اور پاکستان کے سسٹین ایبل پانڈا بانڈ کے اجرا اور اسے عالمی سطح پر پذیرائی دلانے میں کردار ادا کرنے والے شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پاکستان نے دنیا کی دوسری سب سے بڑی اور دوسری سب سے گہری کیپٹل مارکیٹ سے استفادہ کیا ہے۔ ہمارے نقطۂ نظر سے اس کے نتیجے میں سرمائے کے ایک نئے اور وسیع ذریعے تک رسائی حاصل ہوئی ہے اور چین اور پاکستان کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات کے مالیاتی پہلو کو مزید مضبوطی ملی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مارکیٹ کی جانب سے ردعمل شاندار رہا جو پاکستان کے بہتر ہوتے معاشی بنیادی اشاریوں پر مضبوط اعتماد کا اظہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چین میں صرف ایک مرتبہ بانڈ جاری کرنے والے ملک نہیں ہوں گے۔ ہم چینی کیپٹل مارکیٹ میں دوبارہ آئیں گے اور مستقبل میں مزید بانڈز جاری کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایوارڈ محض ایک کامیاب لین دین کی عکاسی نہیں کرتا بلکہ پاکستان کے لیے عالمی سرمائے کے نئے ذرائع تک بڑھتی ہوئی رسائی، بین الاقوامی شراکت داریوں میں وسعت اور متنوع، مارکیٹ پر مبنی اور پائیدار مالیاتی نظام کی جانب مسلسل پیشرفت کی بھی عکاسی کرتا ہے۔


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے