کے ایف سی کے سابق سی ای او پاکستانی نژاد صابر سمیع چپوٹلے کے بورڈ میں شامل

شیئر کریں

امریکی ملٹی نیشنل فاسٹ کیژول ریسٹورنٹس چین چپوٹلے میکسیکن گرِل (سی ایم جی) نے پاکستانی نژاد صابر سمیع کو فوری اپنے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل کرلیا ہے۔

کمپنی نے پیر کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ صابر سمیع کو عالمی صارفین اور ریسٹورنٹ انڈسٹری میں 30 سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے جس میں یم! برانڈز انکارپوریٹڈ کے ساتھ 16 سالہ وابستگی بھی شامل ہے۔ انہوں نے کے ایف سی، ٹیکو بیل اور ہیبٹ برگر اینڈ گرِل میں مختلف اعلیٰ انتظامی عہدوں پر خدمات انجام دیں۔

صابر سمیع نے کراچی یونیورسٹی سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ وہ جنوری 2022 سے فروری 2025 تک کے ایف سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رہے جہاں وہ برانڈ کی حکمت عملی اور کارکردگی کے حوالے سے عالمی سطح پر ذمہ داریاں انجام دیتے اور براہِ راست یم! برانڈز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو رپورٹ کرتے تھے۔

اس سے قبل وہ کے ایف سی کے چیف آپریٹنگ آفیسر اور کے ایف سی ایشیا کے منیجنگ ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں جہاں انہوں نے برانڈ کی عالمی آپریشنز ٹیم کی قیادت کی اور تھائی لینڈ، بھارت، وسطی ایشیا اور گریٹر ایشیا کی مارکیٹس کی نگرانی کی۔

صابر سمیع نے کے ایف سی کی مشرق وسطیٰ، شمالی افریقا، پاکستان اور ترکیہ کی مارکیٹس کے منیجنگ ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔

2009 میں یم! برانڈز میں شمولیت سے قبل سامی نے پراکٹر اینڈ گیمبل، دی کوکا کولا کمپنی اور ریکٹ بینکیزر میں مختلف اعلیٰ انتظامی عہدوں پر کام کیا۔

سامی نے کہا کہ کمپنی کے لیے اس اہم اور پُرجوش وقت میں چپوٹلے کے بورڈ میں شامل ہونے پر مجھے بے حد خوشی ہے۔

ایک معروف برانڈ اور عالمی سطح پر مقبولیت کے ساتھ چپوٹلے کے پاس دنیا بھر میں مزید صارفین تک اپنے پسندیدہ مینیو کی رسائی بڑھانے کا وسیع موقع موجود ہے۔ میں کمپنی کی نمایاں صلاحیتوں کو حقیقت میں بدلنے میں اپنا کردار ادا کرنے کا منتظر ہوں۔

اعلان کردہ اس تبدیلی کے بعد چپوٹلے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز 11 ارکان پر مشتمل ہوگا جن میں سے 10 آزاد ڈائریکٹرز ہوں گے۔

چپوٹلے کے چیئرمین اسکاٹ ماو نے کہا کہ صابر سمیع کو ریسٹورنٹ آپریشنز کا وسیع تجربہ حاصل ہے اور بین الاقوامی مارکیٹس میں برانڈز کی قیادت کا کامیاب ریکارڈ رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ تجربہ چپوٹلے کو سوچے سمجھے انداز میں وسعت دینے، اپنے آپریشنز کو مزید مضبوط بنانے اور دنیا بھر میں اپنے برانڈ تک رسائی بڑھانے کے لیے نہایت قیمتی ثابت ہوگا۔

30 جون 2026 تک امریکا، کینیڈا، برطانیہ، فرانس، جرمنی اور مشرق وسطیٰ میں چپوٹلے کے 4,200 سے زائد ریسٹورنٹس ہیں۔ چپوٹلے اپنے حجم کی واحد ریسٹورنٹ کمپنی ہے جو امریکا، کینیڈا اور یورپ میں اپنے تمام ریسٹورنٹس کی ملکیت اور انہیں براہِ راست چلاتی ہے۔


شیئر کریں

1 خیال ”کے ایف سی کے سابق سی ای او پاکستانی نژاد صابر سمیع چپوٹلے کے بورڈ میں شامل“ پر

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے