سومیٹومو کارپوریشن کو پاکستان کے کان کنی شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت

شیئر کریں

حکومت کے سرمایہ کاری کے فروغ کے ادارے، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) نے پاکستان کے کان کنی اور معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے جاپان کی سومیٹومو کارپوریشن سے رابطہ کیا ہے جن میں نمایاں سرمایہ کاری کی صلاحیت رکھنے والے نئے منصوبے بھی شامل ہیں۔

سومیٹومو کارپوریشن جاپان کا ایک معروف جنرل ٹریڈنگ اور سرمایہ کاری کا ادارہ ہے جس کا ہیڈکوارٹر جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں واقع ہے۔

منگل کو ایس آئی ایف سی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سومیٹومو کارپوریشن سے رابطہ پاکستان کے وسائل میں موجود امکانات میں بڑھتی ہوئی عالمی دلچسپی کا عکاس ہے جبکہ یہ سرمایہ کاری میں سہولت کاری، سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے اور نشاندہی کیے گئے مواقع کو تجارتی طور پر پائیدار منصوبوں میں تبدیل کرنے کے لیے ایس آئی ایف سی کے مرکزی پلیٹ فارم کے طور پر کردار کو بھی اجاگر کرتا ہے۔

یہ تازہ رابطہ ایس آئی ایف سی کی ان کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد معروف بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے اسٹریٹجک اقتصادی شعبوں سے منسلک کرنا اور تجارتی طور پر قابلِ عمل منصوبوں میں ان کی شمولیت کو آسان بنانا ہے۔

پاکستان میں کان کنی اور معدنیات کے شعبے میں ایکسپلوریشن، ترقی، ویلیو ایڈیشن اور ڈاؤن اسٹریم صنعتی سرگرمیوں کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ایس آئی ایف سی نے کہا ہے کہ وہ ان امکانات سے بھرپور استفادے اور شعبے میں عالمی سرمایہ کاروں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے روابط بڑھانے اور سرمایہ کاری میں سہولت کاری کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔

ایس آئی ایف سی کو شہباز شریف کی قیادت میں قائم حکومت نے 17 جون 2023 کو غیر ملکی براہِ راست سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) بڑھانے اور پاکستان کی معیشت کی بحالی کے مقصد سے قائم کیا تھا۔ اسے حکومت کے تمام اداروں کو یکجا کرنے کے طریقہ کار کے تحت اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے اور بنیادی اصلاحات کے لیے اعلیٰ سطحی فیصلہ سازی کے فورم کے طور پر تشکیل دیا گیا تھا۔

ایس آئی ایف سی کے بنیادی مقاصد میں دوست ممالک سے سرمایہ کاری حاصل کرنا اور غیر ملکی و مقامی سرمایہ کاری کے لیے فیصلہ سازی کو آسان اور مؤثر بنانے کی خاطر سنگل ونڈو پلیٹ فارم کے طور پر کام کرنا شامل ہے۔ اس کا فوری ہدف براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانا ہے جبکہ پانچ سال میں 60 ارب ڈالر اور تین سال میں 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے