لوئر دیر : خواتین کے لئے خوشخبری، ڈاکٹر سارہ شہزاد نے جدید طبی سہولیات کا آغاز کردیا ۔
اتفاق میڈیکل کمپلیکس میں ماہر امراض نسواں و زچگی ڈاکٹر سارہ شہزاد کے کلینک کا افتتاح، ایم پی اے ملک شفیع اللہ نے فیتہ کاٹا
تیمرگرہ: تیمرگرہ کے معروف اتفاق میڈیکل کمپلیکس میں ماہر امراض نسواں و زچگی ڈاکٹر سارہ شہزاد کے نئے کلینک کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی ملک شفیع اللہ خان تھے، جنہوں نے فیتہ کاٹ کر کلینک کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر ملک شفیع اللہ خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحت کے شعبے میں نجی سطح پر معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ایک قابلِ تحسین اقدام ہے۔ خواتین کے لیے امراضِ نسواں اور زچگی کے ماہر ڈاکٹر کی سہولت مقامی سطح پر دستیاب ہونا علاقے کے عوام کے لیے ایک اہم سہولت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید طبی سہولیات کو عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے سرکاری و نجی شعبے کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے ڈاکٹر سارہ شہزاد کے کلینک کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہاں آنے والی خواتین کو بہترین طبی مشاورت اور معیاری علاج کی سہولیات میسر آئیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری دراصل انسانی زندگی اور معاشرے کے بہتر مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔
تقریب میں سابق ویلج کونسل چیئرمین اعجاز ٹھاکر، معروف آرتھوپیڈک اسپیشلسٹ ڈاکٹر ملک شہزاد، نیورو اسپیشلسٹ ڈاکٹر عماد احمد اور سابق صدر پیرامیڈیکس حاجی خورشید اقبال سمیت مقامی معززین اور طبی شعبے سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔
شرکاء نے ڈاکٹر سارہ شہزاد کو کلینک کے آغاز پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تیمرگرہ میں خواتین کے لیے ماہر امراض نسواں و زچگی کی طبی سہولت کا اضافہ خوش آئند ہے، جس سے تیمرگرہ اور گردونواح کی خواتین کو علاج کے لیے دیگر شہروں کا رخ کرنے کی ضرورت کم ہوگی۔
ڈاکٹر سارہ شہزاد MBBS، FCPS اور MCPS کی تعلیمی قابلیت رکھتی ہیں اور ماہر امراض نسواں و زچگی (Gynecologist & Obstetrician) کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ ان کا کلینک اتفاق میڈیکل کمپلیکس، تیمرگرہ میں قائم کیا گیا ہے۔
مقامی شہریوں نے کلینک کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے علاقے کی خواتین کو مقامی سطح پر جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری آئے گی۔




