پاکستان میں تیل کی پیداوار میں اضافہ، او جی ڈی سی ایل کی کارکردگی رپورٹ جاری

شیئر کریں

اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی نے ملک میں تیل کی مقامی پیداوار میں نمایاں اضافے کی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق پیداوار 32 ہزار بیرل یومیہ سے بڑھ کر 41 ہزار بیرل یومیہ تک پہنچ گئی ہے۔

کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر احمد حیات لک کے مطابق ادارہ مقامی سطح پر تیل کی پیداوار کو 43 ہزار بیرل یومیہ سے بھی زیادہ بڑھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ عرصے میں ملکی سطح پر ہائیڈروکاربن کی تلاش اور پیداوار میں بہتری کے باعث یہ اضافہ ممکن ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ میں کشیدگی سے قبل او جی ڈی سی ایل کی یومیہ پیداوار تقریباً 32 ہزار بیرل تھی، جو اب بڑھ کر 41 ہزار بیرل تک پہنچ چکی ہے۔ حکام کے مطابق تیل اور گیس کی نئی دریافتوں اور جاری منصوبوں کے باعث پیداوار میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

کمپنی کے مطابق اس وقت پاکستان میں تیل اور گیس کے ذخائر کا اندازہ تقریباً 17 سال تک کے لیے لگایا جا رہا ہے، جو 2022-23 میں تقریباً 12 سال کی سطح پر تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں توانائی کے نئے ذخائر کی دریافت کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔

حالیہ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ کوہاٹ کے علاقے براگزئی میں ایک نئے کنویں سے بڑی مقدار میں تیل و گیس کی دریافت ہوئی ہے، جو ملک کی مجموعی خام تیل کی پیداوار کا تقریباً 10 فیصد حصہ بن سکتی ہے۔


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے