موبائل فون پر انٹرنیٹ کے استعمال کے دوران اکثر صارفین کو یہ مسئلہ درپیش ہوتا ہے کہ وہ ایک وقت میں کسی اور کام کے ساتھ یوٹیوب ویڈیوز سے بھی استفادہ نہیں کر پاتے، خاص طور پر جب وہ مختلف ایپس کے درمیان بیک وقت کام کر رہے ہوں۔ کمپیوٹر براؤزرز میں تو یہ سہولت کافی عرصے سے موجود ہے کہ ویڈیو چلتی رہے اور صارف دیگر کام بھی جاری رکھ سکے، تاہم موبائل ایپ میں یہ سہولت محدود رہی ہے۔
ٹیکنالوجی سے متعلق معلومات فراہم کرنے والی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اب اس حوالے سے یوٹیوب نے ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے پکچر اِن پکچر موڈ کو تمام صارفین کے لیے وسیع پیمانے پر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین یوٹیوب ایپ سے باہر نکلنے کے باوجود ویڈیو کو ایک چھوٹی اسکرین پر جاری رکھ سکیں گے اور ساتھ ہی دیگر ایپس بھی استعمال کر سکیں گے۔
ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اس سے قبل یہ سہولت صرف یوٹیوب پریمیئم سبسکرپشن رکھنے والے افراد کے لیے دستیاب تھی، جب کہ ویب ورژن میں یہ فیچر مفت صارفین بھی کافی عرصے سے استعمال کر رہے تھے۔ تاہم موبائل ایپ میں یہ سہولت محدود ہونے کے باعث عام صارفین کو مکمل فائدہ حاصل نہیں تھا۔
یوٹیوب کی جانب سے جاری کردہ اعلان کے مطابق یہ فیچر اب اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں آپریٹنگ سسٹمز کے صارفین کے لیے مرحلہ وار متعارف کرایا جا رہا ہے اور آنے والے مہینوں میں اسے دنیا بھر کے تمام صارفین تک مکمل طور پر پہنچا دیا جائے گا۔
اس فیچر کے استعمال کے لیے صارفین کو ویڈیو دیکھتے ہوئے اسکرین کو سوائپ اپ کرنا ہوگا یا ہوم بٹن کو دبا کر رکھنا ہوگا، جس کے بعد ویڈیو ایک چھوٹی فلوٹنگ ونڈو کی شکل میں اسکرین پر جاری رہے گی۔ اس دوران صارف دیگر ایپس استعمال کر سکیں گے جبکہ ویڈیو چلتی رہے گی۔
یوٹیوب کے سپورٹ پیج کے مطابق اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین اس فیچر کے ذریعے طویل دورانیے کی ویڈیوز دیکھ سکیں گے، تاہم میوزک مواد کے لیے اس سہولت پر کچھ پابندیاں ہوں گی۔ دوسری جانب یوٹیوب پریمیئم صارفین کو یہ سہولت مکمل طور پر حاصل رہے گی، جس کے تحت وہ ہر قسم کے ویڈیو مواد کو پکچر اِن پکچر موڈ میں دیکھ سکیں گے۔




