بالاکوٹ: بلدیاتی الیکشن کے تناظر میں ضلع مانسہرہ کی سیاسی سرگرمیاں تیزی اختیار کر گئی ہیں، جہاں مختلف سیاسی شخصیات اور مقامی رہنما آئندہ انتخابات کے لیے اپنی حکمت عملی ترتیب دینے میں مصروف ہیں۔
اسی سلسلے میں سابقہ کا ناظم مانسہرہ، حرم حنیف خان کے فرزند ایڈوکیٹ قاسم خان نے ضلع ناظم کے الیکشن میں حصہ لینے کا عندیہ دیا ہے، جس پر سیاسی حلقوں میں چہ مگوئیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب سابقہ چیئرمین خادم عبدالوحید بھی تحصیل کونسل کے الیکشن میں حصہ لینے کے لیے مشاورت کر رہے ہیں اور اپنے قریبی ساتھیوں سے رابطوں میں مصروف ہیں۔ مقامی سطح پر ان کی ممکنہ شمولیت کو بھی خاصی اہمیت دی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ضلع مانسہرہ کو درپیش مسائل میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، جن میں بنیادی سہولیات کی کمی، انفراسٹرکچر کے مسائل اور عوامی خدمات کی ناکافی فراہمی شامل ہیں۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ سیاسی گروہ اکثر ذاتی مفادات کے لیے اختیارات کا استعمال کرتے ہیں، جس کے باعث عوامی مسائل پس پشت چلے جاتے ہیں۔
ایسے حالات میں نوجوان قیادت کے طور پر ایڈوکیٹ قاسم خان کی انٹری کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ان کی صلاحیتوں اور عوامی رابطے کی وجہ سے انہیں خاصی پذیرائی حاصل ہو رہی ہے، اور امید کی جا رہی ہے کہ وہ علاقے کے مسائل کے حل میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق آنے والے بلدیاتی انتخابات مانسہرہ کی سیاست کا رخ متعین کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے، جہاں نئی اور پرانی قیادت کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔

رپورٹ: موسی خان




