دفتر میں باتھ روم میں غیر معمولی وقت گزارنا انجینیئر کو ملازمت سے محروم کر گیا

شیئر کریں

چین میں ایک انجینیئر کو دفتر کے اوقاتِ کار کے دوران باتھ روم میں غیر معمولی طور پر طویل وقت گزارنے پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ چین کے مشرقی صوبے جیانگسو میں پیش آیا، جہاں ایک نجی کمپنی میں کام کرنے والے انجینیئر نے کام کے اوقات کے دوران بار بار اور غیر معمولی حد تک طویل باتھ روم بریکس لیے۔

کمپنی کی جانب سے جمع کرائی گئی تفصیلات کے مطابق مذکورہ ملازم مجموعی طور پر ایک گھنٹے سے زائد وقت باتھ روم میں گزارتا رہا، جبکہ ایک موقع پر اس کا وقفہ تقریباً چار گھنٹے تک طویل رہا۔

کمپنی نے اپنے مؤقف کی تائید کے لیے سرکاری نگرانی کے کیمروں کی فوٹیج عدالت میں پیش کی، جس سے ظاہر ہوا کہ ملازم بارہا اور طویل عرصے کے لیے اپنی ڈیوٹی کی جگہ سے غیر حاضر رہا۔

ملازم، جس کی شناخت لی کے نام سے ہوئی، نے اپنا دفاع کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ وہ خون بہنے والے بواسیر کے مرض میں مبتلا تھا، جس کے باعث اسے باتھ روم میں زیادہ وقت درکار ہوتا تھا۔

تاہم کمپنی کا کہنا تھا کہ لی نے نہ تو اپنے طبی مسئلے سے متعلق انتظامیہ کو پیشگی آگاہ کیا اور نہ ہی بیماری کی بنیاد پر چھٹی کی باضابطہ درخواست دی، جو اس کے لیبر کنٹریکٹ اور کمپنی کے داخلی قواعد و ضوابط کی صریح خلاف ورزی تھی، کام کے اوقات میں اجازت کے بغیر بار بار اپنی جگہ چھوڑنا نظم و ضبط کے خلاف عمل ہے۔

بعد ازاں لی نے عدالت سے 3 لاکھ 20 ہزار یوان بطور زرِتلافی ادا کرنے کی درخواست کی، تاہم عدالت نے شواہد کا جائزہ لینے کے بعد قرار دیا کہ باتھ روم میں گزارا گیا وقت “معمول کی جسمانی ضروریات سے کہیں زیادہ” تھا اور کمپنی کا ملازمت ختم کرنے کا فیصلہ قانون کے عین مطابق ہے۔

البتہ معاملہ یہیں ختم نہیں ہوا۔ عدالت کے بعد ثالثی کے عمل کے دوران، ملازم کی طویل سروس اور بے روزگاری کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فریقین کے درمیان مفاہمت کرائی گئی، جس کے نتیجے میں کمپنی نے بطور ریلیف تقریباً 30 ہزار یوان ادا کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔

یہ واقعہ چین میں لیبر قوانین، ملازمین کے حقوق اور کمپنی نظم و ضبط کے درمیان توازن سے متعلق ایک منفرد مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس نے سوشل میڈیا پر بھی خاصی توجہ حاصل کی ہے۔

 


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے