امریکی معالجین کے تعاون سے نظامِ صحت جدید خطوط پر استوار کرنا ممکن ہوگا، سیدال خان

شیئر کریں

سیدال خان نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کے فروغ کو اہم قرار دیدیا
امریکی معالجین کے تجربات اور مہارت سے پاکستان کے نظامِ صحت کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مدد ملے گی ،قائم مقام چیئرمین سینٹ
اسلام آباد کوئٹہ: قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ امریکی معالجین کے تجربات اور مہارت سے پاکستان کے نظامِ صحت کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مدد ملے گی جبکہ مشترکہ تحقیق اور تربیتی پروگرامز وقت کی اہم ضرورت ہیں، جن کے فروغ سے دونوں ممالک کے طبی شعبے کو فائدہ پہنچے گا۔یہ بات انہوں نے امریکی معالجین کے وفد کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سیدال خان ناصر پاکستان اور امریکہ کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کے فروغ کو نہایت اہم قرار دیا۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عالمی سطح پر طبی شراکت داری پاکستان کی صحت پالیسی کا ایک بنیادی ستون ہے اور حکومت عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے جدید ہسپتالوں اور طبی مراکز کے قیام اور توسیع پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ طبی تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور طبی تحقیق کے شعبوں میں خصوصی سرمایہ کاری کی جارہی ہے تاکہ ملک میں صحت کا نظام مزید مؤثر بنایا جا سکے۔سیدال خان نے کہا کہ امریکی معالجین کے تجربات اور مہارت سے پاکستان کے نظامِ صحت کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مدد ملے گی جبکہ مشترکہ تحقیق اور تربیتی پروگرامز وقت کی اہم ضرورت ہیں، جن کے فروغ سے دونوں ممالک کے طبی شعبے کو فائدہ پہنچے گا۔اس موقع پر امریکہ کی چارج ڈی افیئرز نیٹلی اے بیکر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں اور امریکہ، پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی اور عوامی سطح پر روابط کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے اور پاکستانی ڈاکٹرز امریکہ میں صحت کے شعبے میں اہم خدمات انجام دے رہے ہیں، جن پر فخر کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کو محبت کرنے والا اور مہمان نواز ملک قرار دیا۔سینیٹر رانا محمود الحسن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ میں مقیم پاکستانی ڈاکٹرز کی شاندار خدمات کو سراہا اور انہیں ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ڈاکٹرز اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور انسانی خدمت کے جذبے سے نہ صرف مریضوں کی خدمت کر رہے ہیں بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔سینیٹر رانا محمود الحسن نے مزید کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی ڈاکٹرز پاکستان کا بہترین اثاثہ ہیں جو وطن کا نام روشن کر رہے ہیں اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک مثال بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اوورسیز پاکستانی ڈاکٹرز مستقبل میں بھی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔تقریب میں سینیٹر رانا محمود الحسن، سینیٹر عطاالرحمان، سینیٹر ہدایت اللہ خان، سینیٹر خلیل طاہر سندھو سمیت امریکہ میں مقیم پاکستانی ڈاکٹرز، ملک کے معروف ماہرینِ طب اور دیگر ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔آخر میں قائم مقام چیئرمین سینیٹ کی جانب سے معزز مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا، جس میں شرکاء نے شرکت کر کے تقریب کی کامیابی اور پاکـامریکہ تعلقات میں صحت کے شعبے کے فروغ کو سراہا۔


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے