لاہور: پنجاب میں بغیر لائسنس اور بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف جاری سخت ٹریفک کریک ڈاؤن نے جہاں ایک طرف سڑکوں پر نظم و ضبط پیدا کیا ہے وہیں دوسری جانب عوام میں اس حوالے سے دلچسپ اور انوکھے ردعمل بھی سامنے آ رہے ہیں۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے قوانین کی خلاف ورزی پر درجنوں افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ متعدد موٹر سائیکلیں ضبط بھی کی گئیں۔ حکام کے مطابق اس مہم کا بنیادی مقصد سڑکوں پر حادثات کی شرح کم کرنا، شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا اور کم عمر افراد کو ڈرائیونگ سے روکنا ہے۔
اس کریک ڈاؤن کے بعد سوشل میڈیا پر عوام کی جانب سے مختلف میمز، ویڈیوز اور طنزیہ تبصرے سامنے آ رہے ہیں جن میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو موضوع بنایا جا رہا ہے۔ انہی میں گزشتہ دنوں وائرل ہونے والی ایک ویڈیو نے خاص طور پر سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔
اس ویڈیو میں ایک شخص گدھا گاڑی چلاتے ہوئے نظر آتا ہے، تاہم حیرت کی بات یہ ہے کہ نہ صرف وہ خود ہیلمٹ پہنے ہوئے ہے بلکہ اس نے اپنے گدھے کے سر پر بھی ہیلمٹ پہنایا ہوا ہے۔
وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سڑک پر چلتی گدھا گاڑی ایک انوکھا منظر پیش کر رہی ہے جسے دیکھ کر لوگ مسکرانے پر مجبور ہو گئے۔
ویڈیو بنانے والے نے جب گدھا گاڑی چلانے والے شخص سے پوچھا کہ اس نے گدھے کو ہیلمٹ کیوں پہنایا ہوا ہے تو اس نے انتہائی سادہ مگر دلچسپ جواب دیا۔ اس شخص کا کہنا تھا کہ ہیلمٹ نہ پہننے کی وجہ سے اس کا پہلے چالان ہو چکا ہے، اس لیے اب وہ کسی بھی صورت مزید جرمانے سے بچنا چاہتا ہے اور اسی لیے خود بھی ہیلمٹ پہنتا ہے اور گدھے کو بھی ہیلمٹ پہنا دیا ہے۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔ کئی صارفین نے اس ویڈیو کو مزاحیہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ٹریفک قوانین کے نفاذ نے عوام کو تخلیقی بنا دیا ہے۔
بعض صارفین کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیو اس بات کا ثبوت ہے کہ قوانین کے خوف سے لوگ اب غیر متوقع حد تک احتیاط کرنے لگے ہیں۔ کچھ افراد نے تبصرہ کیا کہ اگر قوانین پر عمل درآمد اس طرح لوگوں کو محتاط بنا رہا ہے تو یہ ایک مثبت تبدیلی ہے، چاہے اس کا اظہار مزاحیہ انداز میں ہی کیوں نہ ہو۔
دوسری جانب کئی صارفین نے اس ویڈیو پر تنقیدی ردعمل بھی دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہیلمٹ پہننا کسی صورت مذاق یا تماشا نہیں بلکہ یہ انسانی جان کی حفاظت کے لیے ایک انتہائی ضروری حفاظتی اقدام ہے۔ ہیلمٹ کا مقصد حادثے کی صورت میں سر کو شدید چوٹ سے بچانا ہے، اس لیے اس طرح اس کا مذاق اڑانا درست نہیں۔
بعض افراد نے یہ بھی کہا کہ اگرچہ ویڈیو ہنسی مذاق پر مبنی ہے، تاہم اس سے ٹریفک قوانین کی اہمیت کم ہو کر سامنے آ سکتی ہے۔
ٹریفک پولیس حکام کا مؤقف ہے کہ ہیلمٹ اور لائسنس کے بغیر ڈرائیونگ نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ اپنی اور دوسروں کی جان کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔ کریک ڈاؤن کا مقصد عوام کو پریشان کرنا نہیں بلکہ انہیں محفوظ بنانا ہے۔




