تعلیمی اداروں کی حفاظت کیلئے پنجاب حکومت کے بیرونی دیوار، گارڈز کی اعلیٰ تربیت، اور پینک بٹن کی تنصیب یقینی بنانے کے احکامات جاری
محکمہ داخلہ میں تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس، صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق ،رانا سکندر حیات نے صدارت کی ،تعلیمی اداروں کے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ
لاہور: صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت محکمہ داخلہ میں تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کے حوالہ سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سیکرٹری محکمہ سکول ایجوکیشن خالد نذیر وٹو، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن فرید احمد اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے شرکت کی۔

اجلاس میں سپیشل سیکرٹری آپریشنز محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نبیلہ عرفان، سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، سپیشل سیکرٹری انڈسٹریز، ایڈیشنل سیکرٹری عائشہ ممتاز، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سیکیورٹی، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے دوران تعلیمی اداروں کے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری داخلہ، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز و دیگر حکام نے اس حوالہ سے بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ تعلیمی اداروں میں سکول سیفٹی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں کا سکیورٹی آڈٹ بھی کروایا جا رہا ہے۔سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو تعلیمی اداروں میں باؤنڈری والز، گارڈز کی تربیت اور تیکنیکی آلات سمیت دیگر ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ تعلیمی اداروں میں پینک بٹنز کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے۔تعلیمی اداروں میں طلباء کو پرامن تعلیمی ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہاکہ پنجاب کے تمام تعلیمی اداروں کی میپنگ کی جا چکی ہے۔تعلیمی اداروں میں سکیورٹی ایس او پیز پر عمل درآمد کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہے ہیں۔ رانا سکندر حیات نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے تمام تعلیمی اداروں کو سکیورٹی آڈٹ بارے ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔ہر تعلیمی ادارے میں ایمرجنسی نمبرز اور فوکل پرسنز کی نشاندہی کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے۔سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہاکہ صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں میں موک ایکسرسائزز کروائی جا رہی ہیں۔قانون نافذ کرنے والے ادارے انتظامیہ کے تعاون سے تعلیمی اداروں کی سکیورٹی بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔


