لاہور:لاہور پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ انگریزی لسانیات میں ماحولیاتی صفائی کے موضوع پر آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ مہم کا مقصد ماحول کو صاف ستھرا رکھنا، صفائی کی عادت کو فروغ دینا اور طلبہ میں ماحول دوست سوچ بیدار کرنا تھا۔

طلبہ کے گروپ جن میں اسد اللہ، زین العابدین، عبدالوہاب اور دیگر طالبات شامل تھیں نے مختلف کلاسوں کا دورہ کیا اور صفائی کی معاشرتی و مذہبی اہمیت پر گفتگو کی۔ آگاہی سیشن میں کلاس رومز کی صفائی، کچرے کی مناسب تلفی اور ماحول دوست طرزِ عمل اپنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ صفائی ایک ذمہ داری بھی ہے اور مثبت طرزِ زندگی بھی، جس کے بغیر صحت مند معاشرہ تشکیل نہیں پا سکتا۔ مہم کا منفرد پہلو یہ تھا کہ جسمانی صفائی کے ساتھ ساتھ دلوں کی صفائی پر بھی زور دیا گیا، تاکہ معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔اساتذہ و طلبہ نے اس سرگرمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مہم نہ صرف ماحولیات کے بارے میں شعور بڑھاتی ہے بلکہ کردار سازی میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ یونیورسٹی میں یہ مہم ماحول دوست رویوں کو فروغ دینے کی ایک مثبت مثال قرار دی گئی۔


