پی ایچ اے کے ہزاروں ملازمین کیلئے کلینک آن وہیل سے علاج کی سہولت ، محکمہ صحت سے معاہدہ ، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی پرائمری اینڈ سیکنڈری ہسپتالوں میں ہارٹیکلچر کا زمہ دار ہوگا’ وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کی موجودگی میں دستخط

لاہور:وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی کے مابین معاہدہ، محکمہ صحت و بہبود آبادی پی ایچ اے کے 8 ہزار ملازمین کو کلینک آن وہیل کے ذریعے کام کی جگہ پر علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرے گا جبکہ پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری و بہبود آبادی کے تحت ہسپتالوں میں ہارٹیکلچر کا ذمہ دار ہوگا، صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر کی موجودگی میں ڈی جی جی پی ایچ اے راجہ منصور احمد اور سپیشل سیکرٹری ہیلتھ عون عباس نے معاہدے پر دستخط کئے اور دستاویز کا تبادلہ کیا۔ محکمہ صحت اور پی ایچ اے کے اعلی افسران احمد سعید منج، سونیا کلیم بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ وبہبود آبادی خواجہ عمران نذیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب ہر شہری کو علاج معالجہ کی معیاری سہولیات کیلئے پرعزم ہے اور انکا وژن ہے کہ ہر خاص و عام کو علاج کی بہترین سہولیات گھر کے قریب دستیاب ہوں۔صوبائی وزیر صحت و بہبود آباد ی خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ لاہورمیں پی ایچ اے کے 8 ہزار ملازمین ہیں، محکمہ صحت و بہبود آباد ی پی ایچ اے کے پارکوں میں وزیر اعلی پنجاب کے فلیگ شپ پروگرام کلینک آن وہیل کی گاڑیاں فراہم کریگا جن کے ذریعے ان ملازمین کو کام کی جگہ پر ہی چیک اپ اور ادویات کی سہولت میسر ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی طرف سے پی ایچ اے ملازمین کیلئے کلینک آن وہیل صحت عامہ کی سہولیات کا تحفہ ہے، اب انہیں کام کی جگہ پر علاج کی سہولت ملیگی اور کام سے چھٹی کرنا پڑے گی اور نہ ہی ہسپتال نہیں جانا پڑے گا۔ صوبائی وزیر صحت نے محکمہ صحت اور پی ایچ اے میں معاہدہ پر ڈی جی راجہ منصور احمد کی کاوشوں کوبھی سراہا۔ ڈی جی پی ایچ اے راجہ منصوراحمد نے اس موقع گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی کے زیر اہتمام لاہور میں چھوٹے بڑے 8 سو سے زائد پارک ہیں جسکی دیکھ بھال کیلئے8 ہزار کے قریب ملازمین کام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کلینک آن وہیل کے ذریعے علاج کی سہولات فراہم کرنے پر وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر محکمہ صحت بہود آبادی خواجہ عمران نذیر کے مشکور ہیں۔ڈی جی پی ایچ اے راجہ منصوراحمد نے کہا کہ معاہدے کے تحت پی ایچ اے پرائمری اینڈ سکینڈری ہسپتالوں میں ہارٹیکلچر بہتر بنانے کیلئے اقدامات کریگا۔


