بریسٹ کینسر سے آگاہی کے حوالے سے الفارابی ہیلتھ ایجوکیشن سسٹم تیمرگرہ میں سیمینار اور واک کا انعقاد

تیمرگرہ:اکتوبر کا مہینہ دنیا بھر میں بریسٹ کینسر سے آگاہی کے طور پر منایا جاتا ہے، اسی سلسلے میں الفارابی ہیلتھ ایجوکیشن سسٹم تیمرگرہ کے زیرِ اہتمام آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں طلباء، طبی عملے اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے الفارابی ہیلتھ ایجوکیشن سسٹم کے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر یوسف خان نے کہا کہ بریسٹ کینسر خواتین میں پائے جانے والے عام ترین امراض میں سے ایک ہے، تاہم اگر اس کی بروقت تشخیص اور علاج کیا جائے تو زندگی بچائی جا سکتی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ آگاہی ہی اس مرض کے خلاف سب سے مؤثر ہتھیار ہے، کیونکہ زیادہ تر کیسز تاخیر سے رپورٹ ہوتے ہیں جس کی وجہ لاعلمی اور سماجی جھجک ہے۔ڈاکٹر یوسف خان نے خواتین پر زور دیا کہ وہ خود معائنہ (Self Examination) کو معمول بنائیں اور کسی بھی مشتبہ علامت کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ بریسٹ کینسر کے بارے میں معاشرتی رویوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے تاکہ خواتین بلا خوف و جھجک علاج کی طرف رجوع کریں۔سیمینار کے اختتام پر آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا، جس میں شرکاء نے بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی کے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ واک کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس پیغام کو اپنے گھروں، تعلیمی اداروں اور کمیونٹی میں عام کریں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین بروقت تشخیص سے فائدہ اٹھا سکیں۔
رپورٹ اسماعیل انجم




