شمالی پہاڑی مقامات پر برفباری، سردی میں اضافہ، سیاحتی سرگرمیاں ماند پڑنے لگیں

شیئر کریں

بالاکوٹ: سیاحتی سیزن اپنے اختتام کی جانب گامزن — بالائی علاقوں میں برفباری اور سرد موسم کے باعث سیاحتی سرگرمیوں میں نمایاں کمی

بالاکوٹ — ضلع مانسہرہ کی وادی بالاکوٹ، جو سیاحوں کے لیے شمالی علاقہ جات کا دروازہ کہلاتی ہے، میں رواں سال کا سیاحتی سیزن اختتام پذیر ہونے کو ہے۔ جیسے جیسے بالاکوٹ کے بالائی علاقوں خصوصاً بابوسہ ٹاپ پر برفباری شروع ہوئی ہے، ویسے ویسے سیاحوں کی آمد و رفت میں واضح کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔

ذرائع کے مطابق بابوسہ ٹاپ اور قریبی راستے برفباری کے باعث بند ہو چکے ہیں، جس سے ٹورزم کی سرگرمیاں محدود ہو گئی ہیں۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی تقریباً چھ ماہ تک سیاحتی سیزن جاری رہا جبکہ اب آنے والے چار سے پانچ ماہ علاقے میں شدید سردی کا دورانیہ ہوتا ہے۔

بالاکوٹ کی پہچان صرف قدرتی خوبصورتی تک محدود نہیں بلکہ یہاں کا چپل کباب بھی سیاحوں کے دل جیت لیتا ہے۔ سیاح بالاکوٹ پہنچ کر سب سے پہلے مشہور زمانہ شانی کباب والے ہوٹل کا رخ کرتے ہیں جہاں کے چپل کباب اپنی ذائقہ دار خوشبو اور خالص دیسی مصالحوں کی بدولت خاص شہرت رکھتے ہیں۔

مقامی افراد کے مطابق برفباری کے آغاز کے ساتھ ہی سیاحوں کی آمد کم ضرور ہو جاتی ہے، مگر سردیوں کا یہ حسین موسم اور برف سے ڈھکے پہاڑ بالاکوٹ کی خوبصورتی کو ایک نیا رنگ دے دیتے ہیں۔

بالاکوٹ کو بجا طور پر "ٹورزم کا دروازہ” کہا جاتا ہے — ایک ایسا دروازہ جو گرمیوں میں سیاحوں کے لیے کھلتا ہے اور سردیوں میں برف کی چادر اوڑھ کر سو جاتا ہے، مگر اپنی دلکشی کبھی نہیں کھوتا۔

رپورٹ موسیٰ خان


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے