ناران میں نکاح نامے کے بغیر سیاحوں کی انٹری پر پابندی کی خبروں میں کوئی حقیقت نہیں — مانسہرہ پولیس
بالاکوٹ : سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کی مانسہرہ پولیس نے سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ ناران میں بغیر نکاح نامے کے آنے والے سیاحوں کی انٹری بند کر دی گئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ایسی تمام اطلاعات من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔

ترجمان مانسہرہ پولیس کے مطابق ملکی و غیر ملکی تمام سیاحوں کو ضلع مانسہرہ کے دلکش اور پُرکشش سیاحتی مقامات پر خوش آمدید کہا جاتا ہے۔ سیاحوں کی سہولت اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ پُرسکون ماحول میں قدرتی حسن سے لطف اندوز ہو سکیں۔

پولیس ترجمان نے وضاحت کی کہ چند مخصوص ٹور آپریٹرز کی جانب سے سوشل میڈیا پر بے ہودہ ویڈیوز وائرل کرنے، نام نہاد “میوزیکل نائٹ” کے انعقاد اور مرد و خواتین کو غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث کرنے کی کوششوں کے باعث صرف ایسے عناصر کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے جو بے حیائی کو فروغ دے رہے تھے۔
مانسہرہ پولیس نے واضح کیا کہ باقی تمام سیاح حضرات کو وادیٔ ناران اور دیگر سیاحتی مقامات پر خوش آمدید کہا جاتا ہے۔ تاہم، کسی بھی ایسی سرگرمی کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی جو مقامی ثقافت، معاشرتی اقدار اور خاندانی ماحول کے منافی ہو۔
رپورٹ : موسیٰ خان




