کراچی میں پانی کی فراہمی بدسے بدتر’ آباد کا K4 منصوبہ فوری مکمل کرنیکا مطالبہ

شیئر کریں

آباد کاکراچی میں جاری پانی بحران پر تشویش کا اظہار ،کے فور منصوبے کو فوری طور پر مکمل کرنے کامطالبہ، عوام کے بنیادی مسائل پر آواز اٹھانا اپنی قومی ذمے داری اور خدمت سمجھتے ہیں اور پانی جیسے سنگین مسئلے کے حل کے لیے ہر فورم پر کردار ادا کرتے رہیں گے،محمدحسن بخشی
کراچی:ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد)کے چیئرمین محمد حسن بخشی نے کراچی میں جاری پانی بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کے فور منصوبے کو فوری طور پر مکمل کرنے کامطالبہ کیاہے۔کراچی شہر کی آبادی میں مسلسل بڑھ رہی ہے لیکن شہر کے لیے پانی کی ایک بوند کابھی اضافہ نہیں کیاگیا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آباد ہائوس میں سید رشید کی قیادت میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن میں ملازمین کی تنظیم واٹر بورڈ آبکار ورکرز ڈیموکریٹک الائنس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا وفد میں سہیل میمن،وسیم صدیقی، محمود جعفری،خادم حسین گبول،ذوالفقار قریشی، سہیل صدیقی شامل تھے جبکہ آباد کے وائس چیئرمین طارق عزیز بھی اس موقع پر موجود تھے۔سید رشیدنے چیئرمین آباد کو کراچی شہر میں غیر قانونی کنکشن،بارشوں میں حب کینال متاثر ہونے سمیت دیگرمسائل سے آگاہ کیا۔ چیئرمین حسن بخشی وفد کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کراچی جیسے میگا سٹی میں پانی کی فراہمی کے مسائل اب سنگین صورت اختیار کرچکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ شہر کی آبادی میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے لیکن پانی کی ایک بوند میں بھی اضافہ نہیں ہورہا۔ کراچی کے عوام کو نلکوں کے بجائے ٹینکرز کے ذریعے پانی حاصل کرنا پڑتا ہے جو شہریوں کے لیے نہ صرف مہنگا بلکہ اذیت ناک عمل ہے۔حسن بخشی نے مطالبہ کیا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے بورڈ آف گورنرز میں آباد کو نمائندگی دی جائے تاکہ تعمیراتی صنعت کے ساتھ ساتھ رہائشی و کمرشل منصوبوں میں پانی کی فراہمی کے مسائل مثر طریقے سے اجاگر اور حل کیے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ آبادکی نمائندگی سے واٹر بورڈ میں پالیسی سازی زیادہ شفاف اور عوام دوست بنائی جاے گی۔حسن بخشی نے بتا یا کہ وہ جلد وزیر بلدیات سندھ اور مئیر کراچی سے ملاقات کریں گے تاکہ پانی کے بحران سے متعلق مسائل پر براہ راست تبادلہ خیال کیا جائے اور اس ضمن میں عملی اقدام تجویز کیے جائیں۔چیئرمین آبادنے زور دے کرکہا کہ شہر میں پانی کے بحران کا مستقبل حل کے۔فور منصوبے کی فوری تکمیل ہے کیوں کہ یہی منصوبہ مستقبل کی ضروریات پوری کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔انھوں نے کہا کہ تعمیراتی صنعت شہر کے ترقیاتی عمل میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، لیکن پانی کی غیر منصفانہ تقسیم اور کمی کی وجہ سے تعمیراتی منصوبے بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔ رہائشی و کمرشل منصوبوں میں پانی کی فراہمی کے دیرینہ مسائل حل نہ ہونے سے شہریوں اور سرمایہ کاروں دونوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ چیئرمین نے کہا کہ آباد کراچی کے عوام کے بنیادی مسائل پر آواز اٹھانا اپنی قومی ذمے داری اور خدمت سمجھتی ہے اور پانی جیسے سنگین مسئلے کے حل کے لیے ہر فورم پر کردار ادا کرتی رہے گی۔


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے