اسٹاک ایکسچینج : کے ایس ای 100 انڈیکس میں 250 سے زائد پوائنٹس کی کمی

شیئر کریں

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کو کاروبار کے دوران اتار چڑھاؤ دیکھا گیا، جہاں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس کی ابتدائی تیزی آخری سیشن میں فروخت کے دباؤ کے باعث ختم ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق کاروبار کا آغاز منفی رجحان کے ساتھ ہوا اور انڈیکس میں تیزی سے کمی دیکھی گئی، جس کے نتیجے میں یہ دورانِ کاروبار کی کم ترین سطح 178,642.36 پوائنٹس تک گر گیا۔ تاہم خریداری کے رجحان نے مارکیٹ کو سہارا دیا اور صبح کے سیشن میں انڈیکس دوبارہ بحال ہو کر 180,000 پوائنٹس کی حد عبور کرگیا۔

بعد ازاں مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا۔ دوپہر کے قریب انڈیکس میں دوبارہ کمی آئی مگر کچھ دیر بعد اس نے پھر سے بحالی حاصل کرلی۔ سہ پہر کے سیشن میں تیزی کا رجحان مزید مضبوط ہوا اور انڈیکس دورانِ کاروبار کی بلند ترین سطح 180,769.21 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔

تاہم تیزی کا یہ رجحان برقرار نہ رہ سکا اور کاروباری سیشن کے آخری حصے میں فروخت کا دباؤ بڑھ گیا۔ نتیجتاً بینچ مارک انڈیکس اپنی بلند ترین سطح سے تیزی سے نیچے آگیا اور مختصر وقت کے لیے 178,800 پوائنٹس کی سطح کے قریب پہنچ گیا لیکن اختتام سے قبل معمولی بحالی دیکھنے میں آئی۔

کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 251.44 پوائنٹس یا 0.14 فیصد کمی کے بعد 179,083.80 پوائنٹس پر بند ہوا۔

بروکریج ہاؤس ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے کاروبار کے اختتام پر جاری کردہ اپنی رپورٹ میں کہا کہ سرمایہ کاروں کا عمومی رجحان مستحکم رہا، کیونکہ وہ ملک میں نقدی کی وافر دستیابی کے ساتھ عالمی سطح پر تیل کی رسد سے متعلق نئے خدشات اور مشرق وسطیٰ کی جغرافیائی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیتے رہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ شعبہ جاتی سطح پر سیمنٹ اور ٹیکنالوجی کے حصص میں نمایاں کاروباری سرگرمیاں دیکھنے میں آئیں، جبکہ منگل کی تیزی کے بعد بڑے کمرشل بینکوں اور تیل و گیس کی تلاش و پیداوار (ای اینڈ پی) سے وابستہ کمپنیوں کے حصص میں منافع کے حصول کے باعث دباؤ دیکھا گیا۔

منگل کے روز پی ایس ایکس میں زبردست تیزی دیکھی گئی تھی، جب وسیع پیمانے پر خریداری نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو تقویت دی۔ یہ پیش رفت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امن سے متعلق بیانات کے بعد جغرافیائی سیاسی کشیدگی میں کمی کے باعث سامنے آئی تھی۔ بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 5,448.56 پوائنٹس یا 3.13 فیصد اضافے کے بعد 179,335.24 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

عالمی سطح پر امریکی افراط زر کے بلند اعدادوشمار اور مرکزی بینک کے عہدیداروں کے سخت بیانات کے بعد بانڈز کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی، جبکہ ڈالر مضبوط رہا۔ ان عوامل نے اگلے ماہ امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں غیر معمولی طور پر نصف فیصد اضافے کا خطرہ بڑھا دیا، تاہم حصص کی مارکیٹیں بدستور مستحکم رہیں۔

اعدادوشمار سے ظاہر ہوا کہ اکتوبر میں امریکہ میں بنیادی افراط زر کی ماہانہ شرح 0.3 فیصد رہی، جو 0.2 فیصد کی پیش گوئی سے زیادہ تھی۔ اعدادوشمار جاری ہونے سے قبل فیڈرل ریزرو کے گورنر کرسٹوفر والر نے کہا تھا کہ اگر بنیادی افراط زر کی شرح 0.3 فیصد رہی تو وہ دسمبر کے اگلے اجلاس میں شرح سود میں 50 بیسس پوائنٹس اضافے پر غور کریں گے۔

ڈلاس فیڈ کے صدر لوری لوگن نے کہا کہ شرح سود میں مزید دو اضافے ضروری ہیں اور یہ اضافہ ممکنہ طور پر تیزی سے کیا جا سکتا ہے۔ شکاگو فیڈ کے صدر آسٹن گولزبی نے خبردار کیا کہ اس وقت افراط زر کا ایک سنگین مسئلہ درپیش ہے، جبکہ فلاڈیلفیا فیڈ کی صدر اینا پالسن نے شرح سود میں بتدریج اضافے کی حمایت کی۔

فیڈرل فنڈز فیوچرز کے مطابق اب شرح سود میں 25 بیسس پوائنٹس اضافے کا امکان تقریباً یقینی تصور کیا جا رہا ہے، جبکہ 50 بیسس پوائنٹس اضافے کا امکان 10 فیصد ہے۔ آئندہ سال کے وسط تک شرح سود میں 25، 25 بیسس پوائنٹس کے مجموعی طور پر تین اضافے کی توقع پہلے ہی مارکیٹ میں شامل ہو چکی ہے۔

ایشیا میں ایم ایس سی آئی کا ایشیا پیسیفک حصص کا وسیع ترین انڈیکس 0.2 فیصد بڑھ گیا، جس نے وال اسٹریٹ کی کمزوری کے برعکس کارکردگی دکھائی، جبکہ جاپان کا نکی انڈیکس 0.6 فیصد اوپر چلا گیا۔

سافٹ بینک گروپ کے حصص 3.3 فیصد گر گئے۔ کمپنی کو دوسری سہ ماہی میں 7 ارب ڈالر کا خالص خسارہ ہوا، جس کی بڑی وجہ امریکہ میں ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر و توسیع پر آنے والے بھاری اخراجات تھے۔

جنوبی کوریا کا کوسپی انڈیکس 0.4 فیصد بڑھا، جبکہ چین کے بڑے حصص پر مشتمل انڈیکس میں 0.2 فیصد کمی ہوئی۔

نیسڈیک فیوچرز 0.5 فیصد بحال ہوئے، جبکہ ایس اینڈ پی 500 فیوچرز میں 0.2 فیصد اضافہ ہوا۔ یورپی اسٹاک فیوچرز بھی 0.6 فیصد بڑھ گئے۔

این ویڈیا بدستور ایک سیاسی تنازع کے مرکز میں ہے، کیونکہ کمپنی اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا اس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جینسن ہوانگ کو کسی غیر ملکی انٹیلی جنس آپریشن کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا۔ کمپنی کے حصص راتوں رات 5.5 فیصد گر گئے، جس کے بعد اپنی حالیہ بلند ترین سطح سے ان کی مجموعی قدر میں کمی 30 فیصد تک پہنچ گئی۔

دریں اثنا پاکستانی روپے کی قدر میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں معمولی اضافے کا سلسلہ جاری رہا اور بدھ کو انٹربینک مارکیٹ میں روپے کی قدر 0.01 فیصد بڑھ گئی۔ کاروبار کے اختتام پر مقامی کرنسی 3 پیسے کے اضافے سے 276 روپے 62 پیسے پر بند ہوئی۔

آل شیئر انڈیکس میں کاروباری حجم گزشتہ سیشن کے اختتام پر ریکارڈ کیے گئے 97 کروڑ 24 لاکھ 30 ہزار حصص کے مقابلے میں بڑھ کر ایک ارب 24 کروڑ 82 لاکھ 10 ہزار حصص تک پہنچ گیا۔

تاہم حصص کی مجموعی مالیت گزشتہ سیشن کے 50 ارب 66 کروڑ روپے کے مقابلے میں کم ہو کر 41 ارب 81 کروڑ روپے رہ گئی۔

ورلڈ کال ٹیلی کام 23 کروڑ 17 لاکھ 50 ہزار حصص کے کاروبار کے ساتھ حجم کے لحاظ سے سرفہرست رہی۔ اس کے بعد تصدیق انفارمیشن کے 21 کروڑ 96 لاکھ 80 ہزار جبکہ کے الیکٹرک لمیٹڈ کے 4 کروڑ 22 لاکھ 70 ہزار حصص کا کاروبار ہوا۔

بدھ کو مجموعی طور پر 498 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا، جن میں سے 255 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 215 میں کمی جبکہ 28 کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں مستحکم رہیں۔


شیئر کریں

آپ کا تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے