سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے شامل کار تاجر نامی ڈیجیٹل ایپلی کیشن کی منظوری دے دی ہے جو اہل چھوٹے کاروبار کو 30 لاکھ روپے تک شریعت کے مطابق مالیاتی سہولت فراہم کرے گی۔
ایس ای سی پی سے لائسنس یافتہ شامل کار فنانشل سروسز کی تیار کردہ یہ ایپلی کیشن مائیکرو کاروباری افراد کو آسان اور تیز تر ڈیجیٹل طریقہ کار کے ذریعے منظور شدہ سپلائرز سے کاروباری مال خریدنے کی سہولت فراہم کرے گی۔
ایس ای سی پی نے جمعہ کو کہا کہ اس اقدام کا مقصد ایسے کاروباری اداروں کو باضابطہ قرض کے نظام میں شامل کرنا ہے جو اب تک اس سہولت سے محروم رہے ہیں۔
چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے فراہم کی جانے والی مالیاتی سہولیات سے ان کاروباری اداروں کے لیے باضابطہ قرض تک رسائی میں اضافہ ہوسکتا ہے جو اب تک اس سہولت سے محروم رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمیشن ضابطہ جاتی نگرانی اور صارفین کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے ذمہ دارانہ ڈیجیٹل فنانسنگ کی سہولت فراہم کرے گا۔
اس منظوری سے ایس ایم ایز اور دیگر ترجیحی شعبوں کے لیے وفاقی حکومت کے رسائی برائے مالیات کے ایجنڈے کو تقویت ملے گی۔
جولائی 2025 سے جون 2026 کے دوران لائسنس یافتہ قرضہ فراہم کرنے والی این بی ایف سیز نے مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو 25 لاکھ قرضوں کے ذریعے تقریباً 253 ارب روپے فراہم کیے۔




