بابا گرو نانک کے 556 ویں جنم دن کی تقریبات 4 نومبر سے شروع،بھارت مذہبی معاملات میں سیاست شامل کر رہا ہے ‘وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ
لاہور:صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ ا نے ننکانہ صاحب کا دورہ کیا۔ انہوں نے کرسچن گرلز ہائی اسکول مارٹن پور کے نئے بلاک کا افتتاح کیا۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ کے ہمراہ گوردوارہ جنم استھان کا دورہ کیا اور تزئین و آرائش کے جاری کاموں کا جائزہ لیا۔

صوبائی وزیر کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد کھوکھر، سردار سرجیت سنگھ کنول اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ سردار رمیش سنگھ اروڑا اور ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر نے بیرون ملک سے گوردوارہ جنم استھان پہنچنے والے سکھ یاتریوں کا استقبال کیا۔

صوبائی وزیر نے سکھ یاتریوں سے سہولیات کے بارے میں دریافت کیا، جس پر یاتریوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ دورے کے دوران سکیورٹی انتظامات، رہائش گاہوں اور دیگر سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے بتایا کہ پاکستان میں بابا گورو نانک کے 556 ویں جنم دن کی تقریبات 04 نومبر سے 13 نومبر تک جاری رہیں گی۔ ننکانہ صاحب میں تقریبات 4 سے 6 نومبر تک منعقد ہوں گی جن میں دنیا بھر سے ہزاروں سکھ یاتری شرکت کریں گے۔

صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور بین المذاہب بھائی چارے کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کرتارپور راہداری بھارتی عوام کے لیے کھولی مگر بھارت مذہبی معاملات میں سیاست شامل کر رہا ہے اور یاتریوں کو پاکستان آنے سے روکنے کے لیے منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین محبت، بھائی چارے اور پرامن بقائے باہمی کا پیغام دیتی ہے۔


